Telangana Police Recruitment: Free coaching for Sub-Inspector and Constable for minority candidates

(اپنا ورنگل)
نارائن پیٹ :
تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے جلد ہی سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹیبل کے 7,437 عہدوں پر بھرتی کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل، حیدرآباد نے اقلیتی امیدواروں کے لیے مفت کوچنگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نارائن پیٹ محمد عبدالرشید نے بتایا کہ یہ کوچنگ مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی امیدواروں کے لیے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ہر سال مختلف مسابقتی امتحانات کی مفت کوچنگ فراہم کی جاتی ہے اور تعلیمی سال 2026-27 کے لیے بھی درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کوچنگ میں جنرل اسٹڈیز، جنرل ایبلیٹیز، بنیادی انگریزی، اردو، تلگو اور فزیکل فٹنس کی تربیت ماہر اساتذہ کے ذریعے دی جائے گی۔ کوچنگ کا آغاز 15 جولائی سے ہوگا جبکہ داخلے تعلیمی میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
محمد عبدالرشید کے مطابق سب انسپکٹر کے لیے 50 اور پولیس کانسٹیبل کے لیے 100 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ اہل امیدواروں کا تعلق ریاست تلنگانہ اور اقلیتی طبقے سے ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ درخواستیں 13 جولائی شام 5 بجے تک تلنگانہ مینارٹیز اسٹڈی سرکل، اندرا پریہ درشنی ڈگری کالج احاطہ، ایم اے ایم کیمپس، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے پیچھے، نامپلی، حیدرآباد میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
درخواست فارم کے ساتھ ایس ایس سی، انٹر، ڈگری کی زیراکس نقول، آدھار کارڈ کی کاپی اور دو پاسپورٹ سائز تصاویر منسلک کرنا ضروری ہے۔ضلع اقلیتی بہبود آفیسر نے اقلیتی نوجوانوں، سماجی تنظیموں اور انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ اہل امیدواروں کو اس مفت کوچنگ سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیں۔
مزید معلومات کے لیے فون نمبر(23236112 – 040) پر یا ضلع اقلیتی بہبود آفیسر، کلکٹریٹ کمپلیکس، نارائن پیٹ سے دفتری اوقات میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
News Source : Mohd. Ashfaq

