The decision to issue accreditation cards to deserving journalists immediately on the instructions of the District Collector with the effective representation of Mohammad Abdul Rafi Zaki Qadri,A strong defense of the rights of journalists of Urdu newspapers

(اپنا ورنگل)
محبوب نگر:
محبوب نگر ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ شریمتی خوشبو گپتا ( آئی اے ایس ) و صدرنشین ضلع ایکریڈیٹیشن کارڈز کمیٹی کی زیرِ صدارت ایکریڈیٹیشن کارڈز کمیٹی کا تیسرا اہم اجلاس ضلع کلکٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائندوں اور کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نائب صدر ریاستی ٹی یو ڈبلیو جے یو اور رکن ایکریڈیٹیشن کارڈز کمیٹی ممبر ممتاز سینیئر صحافی الحاج محمد عبدالرافع ذکی قادری ڈسٹرکٹ اسٹاف رپورٹر روزنامہ منصف نے نہایت مؤثر انداز میں اردو اخبارات کے صحافیوں کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پچیس برسوں سے صحافتی خدمات انجام دینے والے اردو اخبارات کے نمائندوں کو اس مرتبہ ایکریڈیٹیشن کارڈز کے حصول میں دشواریاں پیدا کرنا صحافتی اقدار ، انصاف اور حکومتی پالیسیوں کے یکسر منافی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ اور منڈل سطح پر خدمات انجام دینے والے چھوٹے اردو اخبارات کے نمائندوں کو بھی ایکریڈیٹیشن کارڈز سے محروم کرنے کی کوشش کسی بھی صورت مناسب نہیں اور ناقابل برداشت ہے ، بلکہ یہ صحافی برادری کے ساتھ امتیازی اور معاندانہ رویہ کے مترادف ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کئے گئے اعلانات کی روشنی میں تمام حقیقی اور فعال صحافیوں کو بلا امتیاز ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے جائیں ۔
جناب محمد عبدالرافع ذکی قادری کی مضبوط نمائندگی کے بعد ضلع کلکٹر شریمتی خوشبو گپتا نے ضلع پبلک ریلیشن آفیسر سرینواس کو ہدایت دی کہ تمام مستحق اور فعال صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور فوری کارروائی عمل میں لائی جاکر انہیں کارڈز جاری کئے جائیں ۔اجلاس کے دوران ضلع پبلک ریلیشن آفیسر سرینواس نے اردو اور تلگو اخبارات کے نمائندوں کی فہرست کمیٹی ارکان کے سامنے پیش کی ۔ اس موقع پر محمد عبدالرافع ذکی قادری نے دوبارہ اس بات پر زور دیا کہ اسمبلی حلقہ اور منڈل سطح پر خدمات انجام دینے والے مستحق اردو صحافیوں کو بھی بلا امتیاز ایکریڈیٹیشن کارڈز جاری کئے جائیں ۔
انہوں نے اس بات پر بھی سخت اعتراض کیا کہ اگر حکومتی جی او کی غلط تشریح کرتے ہوئے کارڈز کی اجرائی محدود کی جاتی ہے تو یہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہوگا ، جبکہ ایکریڈیٹیشن کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقیقی اور طویل عرصہ سے خدمات انجام دینے والے صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرے جس پر ضلع کلکٹر نے اتفاق کرتے ہوئے کارڈز کی اجرائی کا تیقن بھی دیا ۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان مسرز اوما مہیشور ، بھاسکر ، ستیش وارتا رپورٹر ، ساکشی کے فوٹوگرافر چاری ، وینکٹیش ( آئی نیوز ) ، یادی لال اور دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔اجلاس کے اختتام پر ضلع پبلک ریلیشن آفیسر سرینواس نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔
News Source : Moulana Mohsin Pasha

