Three-months beautician skill development programme for minority women launched in Warangal

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹیز فنانس کارپوریشن (TSMFC) کے تعاون سے مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے زیر اہتمام آئیڈیل بیوٹی اکیڈمی میں بے روزگار اقلیتی خواتین کے لیے تین ماہہ بیوٹیشن اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کورس کا افتتاح عمل میں آیا۔اس پروگرام کی صدارت محمد سراج احمد نے انجام دی ۔افتتاحی تقریب میں ضلع اقلیتی بہبود افسر ایم سرینو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکومت تلنگانہ اقلیتی خواتین کو خود کفیل اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مختلف تربیتی پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔منتظمین کے مطابق تین ماہہ بیوٹیشن کورس میں 30 اقلیتی خواتین کو جدید بیوٹی کلچر اور سیلون مینجمنٹ کی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار بھی شروع کر سکیں۔

تقریب کے دوران آئیڈیل بیوٹی اکیڈمی کا ایک سالہ ڈپلومہ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والی طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے کامیاب طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آخر میں منتظمین نے حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ گورنمنٹ مائناریٹیز فنانس کارپوریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں خود روزگار کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس پروگرام میں سپرنٹنڈنٹ وجئے پال ریڈی، اردو آفیسر نکہت سلطانہ، سینئر اسسٹنٹ ستیہ نارائنا ریڈی، سیف قریشی، سید عبدالمجید، محمد خیرالنسرین، محمد محمود علی، کرم علی خان، سید افتخارالدین، اکبر ضیاء، خواجہ اسلم محی الدین، محمد سلیم احمد، محمد سمیع الدین، ضلع اقلیتی بہبود دفتر ہنمکنڈہ کے عملہ، خواجہ عبد الکریم و دیگر موجود تھے۔
News Source : Akbar Zia

