ورنگل ضلع کلکٹر کا نرسم پیٹ میڈیکل کالج اور سرکاری ہاسپٹل کا اچانک دورہ،سہولیات کا جائزہ، بہتری کی ہدایات۔

Warangal District Collector visits to Narsampet Medical College and Government Hospital, reviews facilities, gives instructions for improvement

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ضلع کلکٹرورنگل ڈاکٹر ستیا شاردا نے نرسم پیٹ کے میڈیکل کالج اور سرکاری ہاسپٹل کا اچانک دورہ کیا تاکہ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات، مریضوں کی سہولیات اور انتظامی امور کا براہِ راست معائنہ کیا جا سکے۔دورے کے دوران ڈاکٹر شاردا نے مریضوں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے براہِ راست بات چیت کے ذریعے علاج اور سہولیات کے معیار کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی، طبی عملے کی حاضری، مریضوں کے لیے دستیاب ادویات، معیاد ختم شدہ ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کا گہرائی سے جائزہ لیا۔

کلکٹر نے واضح طور پر ہدایت کی کہ ایسی ادویات جس کی معیاد ختم شدہ ہو ،کو فوراً الگ کرکے تلف کیا جائے اور کسی بھی صورت میں مریضوں کو نہ دی جائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری طبی خدمات بروقت فراہم کی جائیں اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ڈاکٹر شاردا نے متعلقہ حکام کو ہسپتال کے انتظامات میں بہتری لانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے باقاعدہ نگرانی ضروری ہے اور ہسپتال میں کسی بھی کمی کو بروقت دور کیا جانا چاہیے۔اس معائنہ پروگرام میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ورنگل ڈاکٹر سامبا شیواراؤ، نرسم پیٹ آر ڈی او اومارانی، ہسپتال سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کشن، ڈاکٹر پروین اور دیگر طبی عملہ کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے ہسپتال کے موجودہ انتظامات اور مستقبل میں بہتری کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔.

News Source : Aleem Danish