Ramadan, the month of mercy and blessings: A loving Iftar ceremony at Hanamkonda – Speeches by MLA Rajender Reddy, Hazrat Khusro Pasha and others
![]()
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی نے کہاکہ مقدس رمضان المبارک دوستی، اتحاد اور بھائی چارے کی علامت ہے اور ہندو و مسلم کو چاہیے کہ وہ گنگا جمنی تہذیب کی روایت کے مطابق مل جل کر تمام تہوار منائیں۔زکریا فنکشن ہال رائے پورہ ہنمکنڈہ میں ایم ایل اے ورنگل ویسٹ راجندر ریڈی اور سابق صدرنشین وقف بورڈ و سینئر کانگریس قائد جناب الحاج محمد اسماعیل شمسی قادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر افطار پارٹی کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ایم ایل اے راجندر ریڈی نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ محمد اسماعیل شمسی نے پروگرام کی نگرانی کی ۔
اس پروگرام میں حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ و ریاستی چیرمین حج کمیٹی حکومت تلنگانہ ،ایم ایل سی بسواراجو ساریا ،گریٹر میئر گنڈو سدھا رانی ،کوڈا چیرمین وینکٹ رام ریڈی اور دیگر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اس تقریب میں تقریباً دو ہزار سے زائد مسلمانوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایم ایل اے ناینی راجندر ریڈی نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، قربانی، خدمت اور باہمی تعاون کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر ہمیشہ سے مذہبی ہم آہنگی کی مثال رہا ہے اور یہاں تمام مذاہب کے لوگ مل کر خوشیوں کے تہوار مناتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی اور فلاح کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے موقع پر حلقہ کے تقریباً 1700 غریب مسلم خاندانوں کو ریاستی حکومت کی جانب سے رمضان تحائف بھی فراہم کییجارہے ہیں ۔ اس موقع پر حضرت خسرو پاشاہ نے کہاہ رمضان المبارک کا مہینہ صبر ،قربانی اور عبادت کا مہینہ ہے ۔اللہ کی رضا کے لئے دل و دماغ کی پاکیزگی اور خدمت خلق کا پیغام بھی دیتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ روزہ انسان میں صبر ،تحمل اور ہم آہنگی پیدا کرتا ہے ۔انہوںنے عوام سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی فلاحی اسکیمات سے استفاد ہ کریں ۔
اس موقع پر سینئر کانگریس قائد و سابق صدرنشین وقف بورڈ ورنگل جناب اسماعیل شمسی قادری نے کہاکہ گزشتہ 25سالوں سے مسلسل اس طرح کی افطار پارٹی کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ افطار پارٹی میں مختلف سیاسی قائدین ،عہدیدار، مختلف طبقات کے رہنما اور عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کرتی ہے ۔انہوںنے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پرجمیعت علماء کے حافظ محمد مجاہد علی ،سید سمیع اللہ حسینی کی ٹیم کی جانب سے تقریبا 100سے ذائد امام و موذنین کو ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔

ایم ایل سی بسواراجو ساریا ،میئر گنڈو سدھا رانی اور دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔افطار کے بعد تمام شرکاء کے لئے طعام کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر صدر ضلع اقلیتی سیل کانگریس ہنمکنڈہ مرزا عزیزاللہ بیگ ، بدی ریڈی پربھاکر ریڈی ،ڈاکٹر ادیب نظیر ،کارپوریٹر س ،جناب محمد احمد شمسی قادری، محمدجناب ابوبکر اور کانگریس قائدین علماء ،حفاظ ،سینکڑوں کی تعداد میں افراد موجود تھے ۔
News Source : Aleem Danish

