A special medical camp for Hajj pilgrims was organized by the Jangaon Hajj Society
![]()
(اپنا ورنگل)
جنگاؤں :
ریاستی حج کمیٹی کی ہدایات کے مطابق جنگاؤں حج سوسائٹی کے زیرِ اہتمام حج 2026 کے عازمینِ حج کے لئے ایک خصوصی طبی کیمپ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل، جنگاؤں میں منعقد کیا گیا۔ اس طبی کیمپ کا مقصد عازمینِ حج کے ضروری طبی معائنے انجام دینا اور انہیں حج کے مقدس سفر سے قبل صحت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔کیمپ کے دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے عازمینِ حج کا مکمل طبی معائنہ کیا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، عمومی صحت اور دیگر ضروری طبی جانچ شامل تھیں۔
اس موقع پر ڈاکٹروں نے عازمین کو حج کے دوران صحت کا خیال رکھنے، موسمی تبدیلیوں سے بچاؤ، اور ادویات کے باقاعدہ استعمال کے متعلق مفید مشورے بھی دیئے۔پروگرام کے کوآرڈینیٹر جناب مجتہد الدین صاحب کی نگرانی میں اس کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا، جبکہ جنگاؤں حج سوسائٹی کے دیگر ارکان محمد ظہیر الدین ، محمد کلیم الدین ، محمد حفیظ بھی اس موقع پر موجود رہے اور انتظامات میں بھرپور تعاون کیا۔
گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل جنگاؤں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ عازمینِ حج کا معائنہ کیا اور مکمل تعاون فراہم کیا، جس کی وجہ سے یہ طبی کیمپ نہایت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔آخر میں جنگاؤں حج سوسائٹی کے ذمہ داران نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح عازمینِ حج کے لئے تعاون جاری رہے گا۔ الحمدللہ، یہ پروگرام خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پایا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

