The tragedy of the passing of Nayab Qazi Moulana Abdul Aziz Qasmi
![]()
(اپنا ورنگل)
عادل آباد :
ادل آباد کی علمی و سماجی شخصیت، نائب قاضی و معتمد جمعیت علماء ہند (شاخ عادل آباد) مولانا عبدالعزیز قاسمی73سال کی عمر میں داعیِ اجل کو لبیک کہہ گئے۔ مولانا کے اچانک انتقال سے شہر کے علمی، مذہبی اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔مرحوم کے اہل خانہ کے مطابق، 7 مارچ بروز ہفتہ کو اچانک طبیعت ناساز ہونے پر مولانا کو شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
اسی روز رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے انہیں شدید قلبی دورہ (Heart Attack) پڑا، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوگئی اور بروز اتوار 8 مارچ کو دوپہر تقریباً 12 بجے انہوں نے آخری سانس لی۔مولانا عبدالعزیز قاسمی اپنی شفقت، خوش مزاجی اور مخلصانہ طبیعت کی وجہ سے ہر خاص و عام میں یکساں مقبول تھے۔ وہ جمعیت علماء ہند ضلع عادل آباد کے سیکریٹری اور نائب قاضی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
ماضی میں وہ تدریسی شعبے سے بھی وابستہ رہے، جہاں انہوں نے سینکڑوں تشنگانِ علم کی پیاس بجھائی۔مولانا کے انتقال کی خبر عام ہوتے ہی ان کی رہائش گاہ پر علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور محبین کا تانتا بندھ گیا۔ مولانا کی نمازِ جنازہ اتوار کی رات بعد نمازِ تراویح 10 بجے ادا کی گئی، جس میں سینکڑوں سوگواروں نے شرکت کی۔
عیدگاہ سے متصل قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ 7 صاحبزادے اور 3 صاحبزادیاں شامل ہے۔مرحوم نمائندہ منصف ٹی وی عادل آباد مطیع الرحمان(عرف انیس عادل آبادی) کے والد محترم تھے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
News Source : Shafeeq Ahmed

