ایس سیز کی آبادی میں اضافہ،تحفظات میں اضافہ کیا جائے،ایس سی ذیلی ذاتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس ،کے. کویتا کا خطاب۔

SC population increases, reservations should be increased, Kavita’s address at a meeting with SC sub-caste leaders

(اپنا ورنگل)

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے ریاست میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کی آبادی میں اضافہ کے پیش نظر ریزرویشن کی موجودہ شرح کو بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ہی قرارداد منظور کی جانی چاہئے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مطابق ایس سی طبقات کو انصاف حاصل ہوسکے۔پیر کے روز بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی دفتر میں ایس سی ذیلی ذاتوں کے قائدین کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ جامع خاندانی سروے سمیت حالیہ سماجی، معاشی، سیاسی اور ذات پات پر مبنی مردم شماری سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ ریاست میں ایس سی آبادی 15 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد ہوگئی ہے، لہٰذا ریزرویشن میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ریاستی حکومت نے ایس سی زمرہ بندی کے نفاذ کے دوران مرکزی حکومت کی مردم شماری کے بعد ریزرویشن میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا، اس لئے اب اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے ریزرویشن بڑھانے کے اقدامات کئے جائیں۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ ایس سی ذیلی ذاتوں کو صرف تعلیم اور روزگار ہی نہیں بلکہ سیاسی میدان میں بھی مناسب ریزرویشن فراہم کیا جانا ضروری ہے تاکہ تمام طبقات کو مساوی مواقع حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ تلنگانہ جاگروتی، دلت تنظیموں اور ایس سی ذیلی ذاتوں کے ساتھ مل کر ریزرویشن میں اضافہ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تحریک جاری رکھے گی۔اجلاس کے دوران بعض ذیلی ذاتوں کو کاسٹ سرٹیفکیٹس کے اجرا میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر کلواکنٹلہ کویتا نے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں تقریباً 20 ایس سی ذیلی ذاتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

News Source : Agency