حیدرآباد پورانا پل علاقہ میں ہنگامہ کے بعد حالات معمول پر، اسدالدین اویسی کا جائے وقوعہ کا دورہ، پولیس انتظامات کا تفصیلی جائزہ۔

Situation normal after riots in Hyderabad’s Purana Pul area, Asaduddin Owaisi visits the scene, reviews police arrangements in detail

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :
حیدرآباد کے پرانے شہر کے حساس علاقہ پورانا پل میں کل پیش آئے ہنگامہ اور تناؤ کے واقعہ کے بعد کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمان حیدرآباد نقیب ملت جناب بریسٹر اسدالدین اویسی نے آج جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور وہاں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پورانا پل دروازہ پر پہنچ کر جناب اویسی نے موقع پر موجود اعلیٰ پولیس افسران سے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور امن و امان سے متعلق اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ علاقہ میں مکمل امن قائم رکھا جائے اور عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اس بات کو یقینی بنایا جائے۔

ہنگامہ کے بعد علاقہ میں کسی ناخوشگوار واقعہ کے اعادہ کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس مقامات پر اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے، جگہ جگہ پولیس پکٹنگ قائم کی گئی ہے جبکہ ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے پولیس مسلسل حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فی الحال حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور امن و امان برقرار ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں، سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں سے دور رہیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

جناب اسدالدین اویسی نے بھی عوام سے امن و سکون برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ہمیشہ سے بھائی چارہ اور گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ رہا ہے، اور اس شہر میں کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ پولیس انتظامیہ کی چوکسی اور بروقت اقدامات کے باعث علاقہ میں صورتحال بتدریج معمول کی طرف لوٹ رہی ہے اور شہریوں کی روزمرہ سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

News Source : Agency