شدید گرمی میں خدمت کا جذبہ، کنڈکٹر کی جانب سے مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی سہولت۔

The spirit of service in the scorching heat, the conductor providing cold water to passengers

(اپنا ورنگل) 

عادل آباد :

شدید گرمی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے درمیان عادل آباد ڈپو کے کنڈکٹر شیخ ناظم (ای نمبر: 851928) نے اپنے خدمت کے جذبہ سے ایک مثال قائم کی ہے، جو اپنی ڈیوٹی کے دوران بس میں مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو دھوپ اور گرمی سے ہونے والی تکالیف کو دیکھتے ہوئے شیخ ناظم اپنی ذاتی خرچ سے ٹھنڈے پانی کا انتظام کر کے مسافروں کی پیاس بجھا رہے ہیں۔

خصوصاً بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کو اس سہولت سے کافی راحت حاصل ہو رہی ہے۔مسافروں نے کہا کہ اس طرح کا خدمت کا جذبہ قابلِ تعریف ہے اور شدید گرمی میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی ایک بڑی راحت ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہر بس میں اس طرح کی سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔اس موقع پر عادل آباد ڈپو منیجر جی پرتیمہ ریڈی نے کنڈکٹر شیخ ناظم کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے تئیں اس طرح کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے سرکاری ٹرانسپورٹ خدمات پر عوام کا اعتماد مزید بڑھتا ہے اور دیگر عملہ کو بھی شیخ ناظم سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔مقامی افراد اور ساتھی ملازمین نے بھی شیخ ناظم کی اس خدمت کو سراہتے ہوئے ان کی انسان دوستی اور فرض شناسی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف اپنی ذمہ داری نبھانے تک محدود نہ رہ کر مسافروں کی بھلائی کیلئے اضافی کوشش کرنا ان کی خاص پہچان بن چکی ہے۔

شدید گرمی کے اس موسم میں عوام کو راحت پہنچانے کی یہ چھوٹی سی کوشش ایک بڑا پیغام دے رہی ہے۔ شیخ ناظم اپنے عمل سے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کیا جائے تو معاشرہ میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ بہت سے لوگ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ ان کا یہ عمل دوسروں کیلئے بھی تحریک کا باعث بنے گا۔

News Source : Shafeeq Ahmed