بی سی طبقات کی عظیم شخصیات کے کارناموں کو اجاگر کیاجائے،دفتر تلنگانہ جاگروتی میں مجاہد آزادی اوبنا کی یوم پیدائش تقریب ‘مختلف اصحاب کا خطاب۔

The achievements of great personalities of BC communities should be highlighted, the birth anniversary of freedom fighter Obana was celebrated at the Telangana Jagruti office, with speeches by various companions

(اپنا ورنگل)

دفتر تلنگانہ جاگروتی بنجارہ ہلز میں مجاہد آزادی وددیرااوبناکی یوم پیدائش تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تلنگانہ جاگروتی کے قائدین نے اوبنا کی تصویر پر پھول مالا چڑھائی اوران کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کارگزار صدر تلنگانہ جاگروتی ایل روپ سنگھ نے کہاکہ اوبنا جیسی عظیم شخصیت کی تاریخ سے برسوں عدم واقفیت باعث افسوس ہے۔جدوجہد آزادی میں اوبنا نے بی سی ‘ایس سی اور ایس ٹی طبقات کو وقار بخشا ۔تاریخ کے کئی اہم ادوار میں مذکورہ بالا طبقات نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔تاہم اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے مورخین نے ان کی تاریخ کو فراموش کردیا۔جس کے باعث کئی عظیم رہنما گمنامی میں چلے گئے۔

روپ سنگھ نے کہاکہ بی سی ‘ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے اہل علم کو اپنی برادریوں کے عظیم قائدین کی تاریخ کو اجاگر کرناچاہئے تاکہ یکجہتی اور شناخت مضبوط ہوسکے۔ انہوں نے واضح کیاکہ اہم سیاسی جماعتوں نے کبھی بھی چھوٹی ذاتوں کی حقیقی سرپرستی نہیں کی تاہم صدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا برسوں سے بی سی ‘ایس سی ‘ایس ٹی طبقات کے مسائل کی یکسوئی اور تمام ذاتوں کے عظیم رہنماﺅں کے خدمات کے اعتراف اور احترام کےلئے سرگرم عمل ہیں اور کویتا کی ہی قیادت میں مذکورہ بالا طبقات کو انصاف حاصل ہوسکتاہے۔ تلنگانہ جاگروتی کے جنرل سکریٹری نوین آچاری نے کہاکہ اوبنا کی یوم پیدائش کے موقع پر ان کی قربانیوں کو یاد کرنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی کئی عظیم شخصیتوں کی تاریخ سامنے آچکی ہے۔مگر بی سی طبقات کی کئی عظیم شخصیات کی تاریخ اب بھی گمنامی میں ہے۔تاریخ کے ہر دور میں بی سی طبقات کے افراد نے پھانسی کے پھندے تک کا سامنا کیا اور اپنی جانیں قربان کی۔مگر ان کی قربانیاں منظر عام پر نہ آسکیں۔نوین آچاری نے یاددلایاکہ تلنگانہ تحریک سے قبل تک سروائی پاپنا کی تاریخ سے بھی عوام واقف نہیں تھے۔لہذا بی سی طبقات کے اہل علم ودانش کو اپنی برادریوں کی عظیم شخصیتوں کی تاریخ کو تحقیق کے ساتھ سامنے لاناچاہئے۔ بی سی جاگروتی کے صدر ماریا نے کہاکہ اوبنا جیسی عظیم شخصیت کی تاریخ سے عدم واقفیت بدقسمتی کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ اوبنا اس دور میں سپہ سالار تھے ۔

جب ہتھیار نہ ہونے کے باوجود لاٹھیوں کو ہتھیار بناکر ملک کے دفاع کی کوشش کی گئی۔انہوں نے پرزورانداز میںکہاکہ وددیرا برادری اور خانہ بدوش قبائل انہیں اپنی تحریک کا سرچشمہ بنائیں۔بی سی طبقات کو سیاسی سطح پر مواقع فراہم کرنے والوں کا بھر پور ساتھ دیاجائے۔کویتا کی سماجی تلنگانہ کی قیام کی جدوجہد میں ان کیبھر پور مدد کی جائے کیونکہ سماجی تلنگانہ کے قیام سے بی سی طبقات کو بہتر مواقع حاصل ہوں گے ۔تقریب میں تلنگانہ جاگروتی کی ریاستی نائب صدر ورلکشمی کے علاوہ ویریا ‘وملا بھوانی‘آنندم‘سریکانت گوڑ‘ای گنیش‘گنگادھر‘جی کمار‘کے راجولاشیکھر‘روپ مہیشوری‘ وینکٹیش‘سرینواس‘سری سیلم، ایس لکپتی اور دوسرے موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz