گلبرگہ شریف میں حضرت سید یوسف الدین جیلانی المعروف رکن الدین تولہؒ کا 617 واں سہ روزہ عرس شریف عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد-

The 617th three-day Urs of Hazrat Syed Yusufuddin Jilani, also known as Ruknuddin Tola, was held with devotion and respect in Gulbarga Sharif

(اپنا ورنگل)

گلبرگہ شریف :

شان دکن جگر گوشہء پیران پیرؓ حضرت سید شاہ یوسف الدین جیلانی المعروف حضرت رکن الدین تولہؒ جعفرآباد گلبرگہ شریف کا 617 واں سہ روزہ عرس شریف خدمت غسل شریف ،صندل مالی ،چراغاں اور قل شریف کیساتھ نہایت عقیدت ، روحانیت اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ عرس کی مبارک تقاریب میں ملک کے مختلف علاقوں سےعلمائے کرام ، مشائخ عظام ، سجادگان ، معتقدین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ عرس شریف کی اہم مذہبی و روحانی رسومات کی ادائیگی حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر سید شاہ انوار الدین قادری جیلانی مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ، سجادہ نشین و موروثی متولی بارگاہ حضرت رکن الدین تولہؒ نے انجام دی۔

اس موقع پر درگاہ شریف کو چراغاں ، گل پوشی اور چادر پوشی سے سجایا گیا جبکہ فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت خواجہ ضیاء الحسن جاگیر دار شاہ منور سجادہ نشین بارگاہ حضرت باگ سوارؒ بسواکلیان اورعلامہ مفتی سید فرقان بابا نقشبندی مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ نے اولیائے کرام کی عظمت و شان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کی بارگاہیں رشد و ہدایت کے مراکز ہیں جہاں سے روحانی فیوض و برکات کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔

مقررین نے بالخصوص حضرت رکن الدین تولہؒ کی دینی ، روحانی اور اصلاحی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آپ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہیں – بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے بارگاہِ اقدس میں حاضر ہوکر ملک و ملت کی سلامتی ، امن و استحکام اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعا کی۔

عرس شریف کے دوران قرآن خوانی ، محفل نعت ، ذکر و اذکار اور لنگر عام کا وسیع انتظام کیا گیا تھا جس میں ہزاروں زائرین نے شرکت کی۔ انتظامیہ کے مطابق عرس شریف کی تقاریب نہایت منظم انداز میں مکمل ہوئیں اور زائرین نے روحانی فضاء سے بھرپور استفادہ کیا۔ مقامی عوام اور زائرین نے اس روحانی اجتماع کو ایمان و محبت کی تازگی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے اسے ایک یادگار عرس شریف قرار دیا – پولیس کا بھاری بندوبست دیکھا گیا – دف پر نعتیہ ،منقبتی کلام پیش کیا -جبکہ محفل سماع کا بھی اہتمام کیا گیا تھا –

News Source : State Samachar