ایس آئی ٹی جانچ محض ڈھونگ، نوٹس کو عوامی جدوجہد کا اعزاز سمجھتا ہوں: ہریش راؤ

SIT probe is just a sham, I consider the notice as an honour for the public struggle: Harish Rao

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

ایس آئی ٹی جانچ مکمل ہونے کے بعد تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اور ہریش راؤ، جو بی آر ایس قانون ساز پارٹی کے نائب قائد بھی ہیں، نے ایس آئی ٹی نوٹس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک سیاسی ڈھونگ اور کچرے کے مترادف ہے، جس کا مقصد اصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔ہریش راؤ نے کہا کہ وہ کے ٹی آر، قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر مدھوسودن آچاری، پارٹی قائدین اور کارکنان کی جانب سے دی گئی اخلاقی حمایت پر سر جھکا کر شکر گزار ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایس آئی ٹی کی جانچ میں بار بار وہی سوالات دہرائے جا رہے ہیں اور جیسے ہی افسران سے سوال کیا جاتا ہے، باہر سے فون آتے ہیں، جس کے بعد دوبارہ پوچھ گچھ شروع ہو جاتی ہے۔سابق وزیر نے دعویٰ کیا کہ صبح انہوں نے وزیر اعلیٰ ریونتھ ریڈی کے بہنوئی کی مبینہ بدعنوانیوں کو بے نقاب کیا اور شام ہوتے ہی انہیں ایس آئی ٹی نوٹس تھما دیا گیا۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ اگر حکومت میں واقعی ہمت ہے تو معاملے کی جانچ ہائی کورٹ کے سٹنگ جج سے کروائی جائے، کیونکہ ان کے مطابق پہلا ملزم وزیر اعلیٰ کا بہنوئی ہے اور بی آر ایس اس سلسلے میں تمام ثبوت پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔ہریش راؤ نے کہا کہ ٹینڈرز کے نام پر جو کچھ ہو رہا ہے، وہ سب عوام کے سامنے ہے اور انہی معاملات کو چھپانے کے لیے ایس آئی ٹی کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریکیں، جدوجہد اور گرفتاریاں بی آر ایس کے لیے نئی بات نہیں، کیونکہ وہ کے سی آر کی قیادت میں جدوجہد کر کے پختہ ہوئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ کانگریس لیڈروں کی طرح نوٹس آتے ہی بھاگنے والے نہیں ہیں بلکہ ان نوٹس کو اپنی عوامی جدوجہد کا اعزاز سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے جھوٹے مقدمات کو خارج کیا، اس کے باوجود اب ایس آئی ٹی کے نام پر نئی جانچ شروع کی گئی ہے۔ہریش راؤ نے حکومت پر الزام لگایا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پسِ پشت ڈال کر اسکینڈلز میں ڈوبی ہوئی ہے۔

کسان بندھو، قرض معافی، روزگار اور پنشن جیسے اہم مسائل پر بات کرنے کے بجائے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پیچھے چھپ کر نوٹس بھیجنے کے بجائے سیاسی میدان میں مقابلہ کیا جائے۔آخر میں ہریش راؤ نے کہا کہ ایس آئی ٹی ہو یا کوئی اور جانچ، وہ قانون اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور ہر جانچ کے لیے تیار ہیں، لیکن گھٹیا سیاست کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدعنوانیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور اگر آج کی جانچ میں کوئی شفافیت ہے تو اس کی مکمل ریکارڈنگ عوام کے سامنے لائی جائے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ریاست کی عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے اور آنے والے وقت میں سچ ضرور سامنے آئے گا۔

News Source : M.F. Baig Riaz