Record assistant Renuka suspended, accused of demanding Rs 500, viral video has impact
(اپنا ورنگل)
اوٹکور:
اوٹکور تحصیلدار دفتر میں ریکارڈ اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والی رینوکا کو نارائن پیٹ ضلع کلکٹر پریانکا نے معطل کر دیا ہے۔ یہ بات تحصیلدار اشوک کمار نے جمعہ کے روز بتائی۔تفصیلات کے مطابق ایک کسان نے اوٹکور تحصیلدار دفتر سے اپنی پرانی پہانی اور پٹہ دار پاس بک سے متعلق زیراکس نقول حاصل کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔ الزام ہے کہ اس سلسلے میں ریکارڈ اسسٹنٹ رینوکا نے کسان سے 500 روپے کا مطالبہ کیا۔
اس واقعہ سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس کے علاوہ مختلف اخبارات میں بھی خبر شائع ہونے کے بعد معاملہ ضلع کے اعلیٰ حکام کے علم میں آیا۔ حکام نے واقعہ کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ضلع کلکٹر پریانکا نے رینوکا کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔تحصیلدار اشوک کمار نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات قواعد کے مطابق شفاف طریقے سے انجام دی جانی چاہئیں۔
انہوں نے افسران اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا شکایت کی گنجائش نہ چھوڑیں۔عوامی خدمات میں شفافیت اور بدعنوانی سے پاک انتظامیہ ہی ضلعی انتظامیہ کا بنیادی مقصد ہے۔
News Source : Mohd. Ashfaq

