Public visit of MLA K. R. Nagaraju and District Congress Party President Mohammad Ayub in Parwathagiri Warangal, Appeal to vote in favor of Congress candidates
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
وردھناپیٹ اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کے۔ آر۔ ناگہ راجو اور ضلع کانگریس پارٹی کے صدر محمد ایوب نے پروتاگری منڈل کے مختلف دیہاتوں میں عوامی دورہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔اس موقع پر رکن اسمبلی ناگہ راجو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی تلنگانہ میں ایسی ترقی اور فلاحی اسکیمیں نافذ کر رہے ہیں جو پورے ملک میں کہیں نہیں ملتیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے 25 لاکھ کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپے کے قرض معاف کیے ہیں اور صرف 9 دنوں میں 9 ہزار کروڑ روپے بطور سرمایہ امداد کسانوں تک پہنچائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھان پر 500 روپے بونس، زرعی شعبے کے لیے مفت بجلی، خواتین کے لیے مفت بس سفر، گھریلو ضروریات کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی، باریک چاول کی تقسیم، نئے راشن کارڈز اور اندرامہ ہاؤس اسکیم جیسے عوامی فلاح کے منصوبے کانگریس حکومت کامیابی سے چلا رہی ہے۔ناگہ راجو نے عوام سے اپیل کی کہ اگر گاؤں کی ترقی، سڑکوں کی تعمیر، اندرامہ مکانات، یا گوداوری کے پانی کی فراہمی چاہتے ہیں تو کانگریس کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر دوسری پارٹیوں کے امیدوار کامیاب ہوتے ہیں تو نہ حکومت سے اور نہ رکن اسمبلی سے کوئی رابطہ رہ پائے گا، جس سے ترقیاتی کام رک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بعض امیدوار شراب اور پیسے سے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام کو چاہیے کہ ایسے جھوٹے لالچ میں نہ آئیں کیونکہ اس سے گاؤں کی ترقی متاثر ہوگی۔اس موقع پر ناگہ راجو نے مخالف پارٹی قائد ایرابلی دیاکر راؤ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمہیں عوام کی نہیں، فلموں کی فکر زیادہ ہے۔ عوام نے تمہیں سبق سکھایا ہے، اب وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے خلاف بے تکی باتیں کر کے عزت حاصل نہیں کی جا سکتی۔‘‘آخر میں ناگہ راجو نے مختلف دیہات کے کانگریس تائید یافتہ سرپنچ امیدور کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس پروگرام میں مقامی سرپنچ و وارڈ امیدوار، کانگریس قائدین، کارکنان، خواتین اور بڑی تعداد میں عوام شریک ہوئے۔

News Source : M.F. Baig Riaz

