ایک شوہر، دو بیویاں اور ایک ہی عہدہ — تلنگانہ کی گرام پنچایت میں انوکھا انتخابی قصہ!

One husband, two wives and one position — a unique election story in the Gram Panchayat of Telangana

(اپنا ورنگل)

سدی پیٹ : 

تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے دوران ایک حیرت انگیز اور دلچسپ واقعہ منظر عام پر آیا۔ ضلع سدی پیٹ کے اکبرپیٹ–بھومپلی منڈل کے جنگاپلی گرام پنچایت میں نرسِمھا ریڈی نامی شخص نے اپنی دونوں بیویوں — لاؤنیا اور رجیتا — کے نام سے سرپنچ عہدے کے لیے پرچہ نامزدگیاں داخل کرائیں۔انتخابی جانچ کے دوران دونوں کے نامزدگی فارم درست قرار دیے گئے، اور دونوں بیویاں ایک ہی عہدے کے لیے میدان میں رہ گئیں۔

تاہم بعد میں رجیتا نے اپنا نام واپس لے لیا، جس کے بعد لاؤنیا واحد امیدوار کی حیثیت سے بلا مقابلہ سرپنچ منتخب ہو گئیں۔ اس کے ساتھ ہی پنچایت کے تمام 10 وارڈ بھی متفقہ طور پر منتخب ہوجانے پر لاؤنیا کو باضابطہ سرپنچ قرار دیا گیا۔

یہ انوکھا واقعہ سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ کچھ صارفین نے اسے ایک پُرامن اور انوکھا فیصلہ قرار دیا، جبکہ بعض نے اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک ہی شخص کی دو بیویوں کے ذریعے نامزدگی دائر کرانا کہاں تک درست عمل ہے اور کیا دونوں ایک ہی گھر میں مقیم ہیں؟مزید دلچسپ پہلو یہ ہے کہ لاؤنیا اور رجیتا دونوں حقیقی بہنیں ہیں۔ اس انکشاف نے عوام میں حیرت پیدا کردی ہے اور سوشل میڈیا پر اس واقعے پر تبصرے اور بحث کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

News Source : Agency