Member of Parliament Naini visited the Double Bedroom Housing Colony in Balasamander and directly reviewed the public issues.

ورنگل- 12/ ستمبر
(اپنا ورنگل)
ہنمکنڈہ: رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائینی راجیندر ریڈی نے آج بالاسمندر ہنمکنڈہ میں واقع اندراماں ڈبل بیڈ روم ہاؤزنگ کالونی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کے ساتھ مل کر سڑکیں، ڈرینیج، بجلی اور پینے کے پانی کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ کالونی کے عوام کے درمیان پہونچ کر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور افسران کو فوری طور پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ رکن اسمبلی نائینی نے کہا کہ مکانات کے الاٹمنٹ کے بعد عوام کو برقی اور پانی کی مشکلات پیش نہ آئیں، اسی مقصد کے تحت پہلے ہی 45 لاکھ روپے بجٹ کے طور پر منظور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایک ہفتہ میں ٹینڈر کا عمل مکمل ہوتے ہی برقی کی سربراہی کے کام تیز رفتاری سے شروع ہوں گے۔ ساتھ ہی پانی کے موجودہ پائپ لائن کو جوڑ کر کالونی میں تعمیر شدہ ٹینکوں کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس کے لئے حکومت اور بلدیہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ صفائی ستھرائی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کالونیوں میں کچرا جمع کرنے کے کنٹینر فوری طور پر رکھے جائیں۔ مکانات کی تعمیر کے بعد طویل عرصے تک تعطل کے سبب کئی گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں تباہ ہوگئی ہیں تاہم متعلقہ بلدیہ کے حکام کی کوششوں سے تمام ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔ رکن اسمبلی نائینی نے کہا کہ مکانات کی تقسیم میں کسی قسم کی دھاندلی نہیں ہوئی، تاہم مزید کچھ اور مستحق افراد کو رہائش فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ آئندہ دنوں میں تمام اہل افراد کو مکن الاٹ کیے جائیں گے۔ جو افراد ذاتی اراضیات رکھتے ہیں، انہیں بھی اس اسکیم کے تحت مکانات تعمیر کرکے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ اس کالونی میں فی الحال کوئی مکان فروخت کے لئے دستیاب نہیں، اس لیے کسی بروکر یا دلال کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں بعض افراد نے بڑے لوگوں کے نام پر رقمیں بٹوری ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی مزید متاثرین موجود ہیں تو بے خوف ہوکر شکایت درج کروائیں اور فوری انصاف دلایا جائے گا۔ اس موقع پر عوامی نمائندے، پارٹی قائدین اور مختلف محکموں کے افسران بھی شریک رہے۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman Wajid

