Kavita visits Warangal demanding immediate financial assistance to flood victims and urgent steps to rebuild damaged houses.
کے کویتا کا ورنگل اور ہنمکنڈہ کا دورہ۔ کانگریس حکومت پر شدید تنقید
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے آج جنم باٹا پروگرام کے تحت ورنگل/ہنمکنڈہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کویتا نے ہنمکنڈہ سمیا نگر اور اطراف کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے مکانات کو نقصانات کا بھی جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔کویتا نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً پندرہ دن قبل وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی ورنگل آئے تھے اور عوام سے کئی وعدے کئے تھے، لیکن آج تک ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے استفسار کیاکہ جب وزیر اعلیٰ خود کہتے ہیں کہ ان کی بات جی او (حکومتی حکم) کے برابر ہے، تو پھر ان کے الفاظ پر عمل کیوں نہیں کیا گیا؟ کویتا نے کلکٹر سے استفسار کیا کہ متاثرین کو فوری امداد کیوں نہیں دی گئی؟انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست کے دوران یا تلنگانہ کی تشکیل کے بعد جب بھی کوئی قدرتی آفت آتی تھی تو حکومت فوری راحت پہنچاتی تھی، مگر موجودہ حکومت نے ورنگل کے 150 سے زائد تباہ شدہ گھروں کے لئے ایک پیسہ بھی نہیں دیا۔
یہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک طرز عمل ہے۔کویتا نے کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمیا نگر اور نچلے علاقوں میں 25 سال سے جھونپڑیوں میں کئی خاندان آباد ہیں۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے انہیں پکے مکانات دینے کا وعدہ کیا تھا، اب یہ وعدہ فوری طور پر پورا ہونا چاہئے۔کویتا نے کہاکہ اس مرتبہ وہ علاقے بھی زیر آب آئے ہیں جو ماضی میں کبھی نہیں ڈوبے، جیسے رامنا پیٹ وغیرہ۔ یہ قدرتی آفت نہیں بلکہ انتظامیہ کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ حکام نے کئی ترقیاتی کام ادھورے چھوڑ دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ میں وزیر اعلیٰ کو صرف وہ مقامات دکھائے گئے جو بہتر حالت میں تھے، مگر اصل نقصان ان سے سو گنا زیادہ ہے۔ کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ عوام کی فوری مدد کرے۔کویتا نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی تنظیم کی جانب سے ایک متاثرہ خاندان کو مالی مدد فراہم کی گئی ہے۔ اگر ہم اپنی سطح پر مدد کر سکتے ہیں، تو حکومت کو تو اس سے کہیں زیادہ کرنا چاہئے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کے حالیہ بیان کی سخت مذمت کی، جس میں انہوں نے عوامی مسائل کے بجائے اشتعال انگیز الفاظ استعمال کئے۔ کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو غریب عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہئے، نہ کہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنا۔آخر میں کلواکنٹلہ کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ورنگل اور ہنمکنڈہ کے تمام متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرے اور تباہ شدہ گھروں کی ازسرنو تعمیر کا عمل شروع کرے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

