نظام آبادکے وارڈ 60 کی خدمت کے لیے حافظ محمد عرفان صدیقی وفا میدان میں ۔

Hafiz Muhammad Irfan Siddiqui to serve Ward 60 of Nizamabad

(اپنا ورنگل)

نظام آباد :

نظام آباد بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ڈویژن نمبر 60 سے حافظ محمد عرفان صدیقی وفا نے باضابطہ طور پر اپنی امیدواری کا اعلان کر دیا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے مجلس بچاؤ تحریک (MBT) پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد علاقے میں سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔حافظ محمد عرفان صدیقی وفا ایک حافظِ قرآن ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوان رہنما ہیں۔

وہ گزشتہ کئی برسوں سے وارڈ نمبر 60 کے عوامی مسائل کو قریب سے دیکھتے آ رہے ہیں اور عملی طور پر خدمت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مجلس بچاؤ تحریک میں شمولیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ پارٹی کے ترجمان امجد اللہ خان خالد کی بے لوث خدمات سے متاثر ہو کر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا:“میں امجد اللہ خان خالد کی قائدانہ صلاحیتوں، مظلوموں کی آواز بننے کے جذبے اور ظالموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے عزم سے بے حد متاثر ہوں۔

انہی اوصاف کو دیکھ کر میں نے مجلس بچاؤ تحریک کو اپنا سیاسی پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ کیا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ امجد اللہ خان خالد کی قیادت میں حق، انصاف اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں۔

اس موقع پر انہوں نے وارڈ نمبر 60 کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا:“میں عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ اگر مجھے ایک بار خدمت کا موقع دیا گیا تو میں ایمانداری، شفافیت اور دیانت داری کے ساتھ علاقے کی ترقی کے لیے کام کروں گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ترجیحات میں صاف پانی کی فراہمی، صفائی کا مؤثر نظام، سڑکوں کی مرمت، اور کمزور طبقے کے مسائل کا حل شامل ہے۔

مجلس بچاؤ تحریک پارٹی کے مقامی قائدین نے بھی حافظ محمد عرفان صدیقی وفا کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی آواز بن کر بلدیاتی اداروں میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔آخر میں انہوں نے وارڈ نمبر 60 کے تمام ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ انہیں ایک موقع دیں تاکہ وہ عملی خدمت کے ذریعے عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکیں۔

News Source : Nadeem Ahmed