شری بالاجی پیپر پروڈکٹس غیر مسلم مالکین کی میزبانی میں عظیم الشان دعوتِ افطار۔

Grand Iftar party hosted by non-Muslim owners of Shree Balaji Paper Products

ماہِ صیام کی رحمتوں، مغفرت اور شبِ قدر کی فضیلت پر اسدالعلماء مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کا ایمان افروز خطاب

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد  :

حیدرآباد دکن: آرام گھر پولیس اسٹیشن کے عقبی حصہ میں واقع شری بالا جی پیپر پروڈکٹس کے غیر مسلم مالک شری کشن سیٹھ اور مسلم پارٹنر جناب الحاج شیخ احمد نقشبندی صدر مجلسِ انتظامی مسجد عائشہ شادنگر کی جانب سے منعقدہ سالانہ شاندار دعوتِ افطار و طعام کا روح پرور اور بصیرت افروز اجتماع منعقد ہوا – جس میں مختلف علماء جامعہ نظامیہ ، معززین شہر اور سینکڑوں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔اس موقع پر بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت حضرت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی، مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے ماہِ صیام المبارک کی فضیلت ، اہمیت ، افادیت ، رحمت ، مغفرت اور دوزخ سے نجات کے موضوع پر قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں مدلل ، جامع اور ایمان افروز خطاب کیا ۔

مولانا نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمتوں کا مہینہ ہے ، جس کا پہلا عشرہ رحمت گذر کر دوسرا دہا مغفرت کا چل رہا ہے اور تیسرا دہا دوزخ سے نجات کا ہے ۔ انہوں نے بالخصوص تیسرے عشرے کی پانچ طاق راتوں میں شبِ قدر کی تلاش کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شبِ قدر ہزار مہینوں سے افضل ہے ، یعنی ایک شب کی عبادت کا ثواب تقریباً چوراسی سال کی عبادت کے برابر ثواب عطا کرتی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو عبادت ، تلاوتِ قرآن ، ذکر و اذکار اور صدقات و خیرات میں اضافہ کرنے کی تلقین بھی کی۔

مولانا نے فرمایا کہ قرآنِ مجید ہدایت کا سرچشمہ ہے اور رمضان اسی کتابِ ہدایت کے نزول کا مہینہ ہے ، اس لیے ہمیں قرآن سے اپنا تعلق مضبوط سے مضبوط تر کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کے حوالے دیتے ہوئے صبر ، تقویٰ ، اخوت اور خدمتِ خلق کے جذبہ کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی مسلمانوں کو زور دیا۔تقریب میں جامعہ نظامیہ کے ممتاز علماء کرام بشمول حضرت مولانا حافظ الحاج مفتی محمد انوار اللہ نقشبندی مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ مرزا اسلم شریف نقشبندی مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ محمد عبدالرزاق نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ محمد غوث انواری نظامی مولوی کامل جامعہ نظامیہ اور دیگر معزز علماء نے بھی شرکت فرمائی۔

اس موقع پر غیر مسلم مالکین نے بھی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پروگرام میں حصہ لیا، جسے حاضرین نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی اخوت کی بہترین اور عمدہ مثال قرار دیا۔آخر میں اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری نقشبندی نے اقطاعِ عالم کے مسلمانوں کی سربلندی ، ترقی ، استحکام اور امن و سلامتی کے لئے بادیدہء نم رقت آمیز اجتماعی دعا فرمائی ، فاتحہ خوانی کی اور نمازِ مغرب کی امامت بھی کی۔دعوتِ افطار کے اس روحانی و بابرکت اجتماع نے حاضرین کے دلوں کو ایمان کی تازگی سے منور کر دیا اور اتحاد و یگانگت کا مؤثر اور عملی پیغام دیا۔

News Source : State Samachar