(اپنا ورنگل)
ہنمکنڈہ ضلع ایلکاترتی گاؤں کے سابق صدر منڈل پرجا پریشد شیام سندر ریڈی نے اپنی زندگی کی کمائی اولاد کی لاپرواہی کے باعث حکومت کے نام وقف کر دی۔تفصیلات کے مطابق شیام سندر ریڈی نے بتایا کہ ان کا بیٹا رنجیت ریڈی، جو امریکہ سے واپسی کے بعد ہنمکنڈہ میں مقیم ہے، والدہ کی وفات کے بعد نہ ان کی خبر لیتا تھا اور نہ ہی کسی طرح کا خیال رکھتا تھا۔ مزید یہ کہ اس نے چپکے سے ساری جائیداد اپنے نام کرالی۔ والد کے مطابق یہی رویہ انہیں اس قدر دلبرداشتہ کر گیا کہ انہوں نے اپنی تمام زمین حکومت کے نام منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔شیام سندر ریڈی نے حکومت کو اپنی تین ایکڑ زمین، جس کی مالیت تقریباً تین کروڑ روپے ہے، منتقل کر دی تاکہ بیٹے کو اس سے کوئی فائدہ نہ پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایسی اولاد کو یہی سزا ملنی چاہئے جو والدین کے بڑھاپے میں سہارا بننے کے بجائے ان کا دل توڑ دے۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں اس زمین پر اپنی مرحومہ اہلیہ وسنتا کی یاد میں ایک خوبصورت عوامی عمارت تعمیر ہو، جو سماج کی خدمت کے کام آئے۔ وہ لمحہ ایک باپ کے دکھ، ایک شوہر کی محبت، اور ایک انسان کی عظیم قربانی کی داستان بن گیا ہے، جو ہر شخص کے دل کو جھنجھوڑ دیتا ہے۔
News Source : M.F Baig Riaz

