نندی پیٹ گاؤں میں سماجی یکجہتی کا مضبوط پیغام ،مساجد کمیٹیوں کے اعزازی پروگرام میں سرپنچ ایرم سلنڈر لنگم کی شرکت۔

A strong message of social solidarity in Nandipet village, participation of Sarpanch Iram Silinder Lingam in the honorary program of mosque committees

(اپنا ورنگل)

نظام آباد  :
نندی پیٹ منڈل مرکز میں مساجد کمیٹیوں کے زیرِ اہتمام منعقدہ اعزازی پروگرام سماجی یکجہتی، بھائی چارے اور باہمی احترام کی بہترین مثال بن کر سامنے آیا۔حالیہ گرام پنچایت انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے نندی پیٹ گاؤں کے نومنتخب سرپنچ ایرم سلنڈر لنگم اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر مسلم مذہبی عمائدین نے سرپنچ کو شال اوڑھا کر پُر خلوص انداز میں تہنیت پیش کی۔ بعد ازاں مٹھائیاں تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرپنچ ایرم سلنڈر لنگم نے مسلم برادری کی جانب سے ملنے والی محبت، عزت اور اپنائیت پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نندی پیٹ گاؤں میں تمام مذاہب اور تمام طبقات کے افراد کا مل جل کر آگے بڑھنا ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ“ترقی ہمارا مقصد اور مساوی انصاف ہمارا نصب العین ہے”اور عوام کے تعاون سے نندی پیٹ کو ایک مثالی گاؤں بنانے کے لیے وہ مسلسل کوشش کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر مرکزی کمیٹی کی جانب سے صدر عبدالباری، مسجد اہلِ حدیث کی جانب سے مسجد صدر فاضل احمد اور مسجد موضع بنتِ علی کمیٹی کی جانب سے جماعتِ اسلامی ہند کے ناظمِ کارکنان فاروق خان نے سرپنچ ایرم سلنڈر لنگم کو پھولوں کے ہار پہنا کر تہنیت پیش کی۔اس اعزازی پروگرام میں نائب سرپنچ رام چندر، وارڈ ممبران، مختلف تنظیموں کے قائدین، مقامی معززین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

News source : Nadeem Ahmed