گاڑیوں پر ‘Press’لکھنے کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت کا نیا قانون۔

Telangana government’s new law on writing ‘Press’ on vehicles

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

گاڑیوں پر ‘Press’ لکھنے کا حق صرف اکریڈیٹڈ صحافیوں کوحیدرآباد: تلنگانہ ریاست میں گاڑیوں پر ’Press‘ لکھنے کے معاملے میں ریاستی محکمہ اطلاعات و عوامی رابطہ نے سخت فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ اب سے صرف وہی صحافی جن کے پاس حکومت کی طرف سے جاری کردہ اکریڈیٹیشن کارڈز ہوں گے، اپنی گاڑیوں پر ’Press‘ لوگو لگا سکیں گے۔ اس سلسلے میں سرکاری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ کے افسران نے بتایا کہ سنٹرل موٹر وہیکل ایکٹ 1989 کے تحت بغیر اجازت گاڑیوں یا رجسٹریشن نمبر پلیٹس پر ’Press‘ کا لفظ استعمال کرنا قانونی جرم ہے۔ حالیہ دنوں میں ایسی شکایات سامنے آ رہی تھیں کہ کئی افراد غلط طریقوں سے اور خانگی اداروں کے شناختی کارڈز کے ذریعے اس لوگو کا استعمال کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

محکمہ اطلاعات کے کمشنر کی جانب سے جاری میمو میں ریاست بھر کے تمام ضلعی عوامی رابطہ افسران (DPROs) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ان قواعد پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔ جن افراد کے پاس حکومت کی طرف سے اکریڈیٹیشن کارڈز نہیں ہیں، انہیں فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے ’Press‘ لوگو ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

فی الحال کئی میڈیا اداروں کے صحافی اپنے اداروں کے آئی ڈی کارڈز کی بنیاد پر پریس اسٹیکرز استعمال کر رہے ہیں، مگر تازہ احکامات کے بعد بغیر اکریڈیٹیشن والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نقلی صحافیوں پر قابو پانے اور اصل صحافیوں کو باقاعدہ شناخت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

قواعد کی خلاف ورزی پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس جرمانے عائد کر سکتی ہے۔

News Source : Agency