تلنگانہ میں بلدی انتخابات- مئیر و چیئرمین عہدوں پر ریزرویشن تفصیلات سرکاری طور پر جاری۔

Municipal elections in Telangana – Reservation details for the posts of Mayor and Chairman officially released

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

 تیلنگانہ ریاست میں 121 بلدیات اور 10 میونسپل کارپوریشنوں میں مئیر اور میونسپل چیئرمین کے عہدوں کے لیے ریزرویشن کو حتمی شکل دے دی ہے۔جس میں خواتین کے لیے 50 فیصد ریزرویشن کا تاریخی فیصلہ شامل ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کی ڈائریکٹر سری دیوی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر میں ریزرویشن کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری کیں۔

میونسپل کارپوریشنوں میں ایک نشست ایس سی، ایک ایس ٹی اور تین بی سی زمروں کو مختص کیا گیا ہے۔ کوتہ گوڈم کارپوریشن کو ایس ٹی، رام گنڈم کو ایس سی جنرل، محبوب نگر کو بی سی خاتون، جبکہ منچریال اور کریم نگر کارپوریشنوں کو بی سی جنرل امیدواروں کے لیے ریزرو کیا گیا ہے۔

ادھر 121 میونسپلٹیز میں مجموعی طور پر 5 نشستیں ایس ٹی، 17 نشستیں ایس سی اور 38 نشستیں بی سی زمروں کے لیے الاٹ کی گئی ہیں۔ گریٹر حیدرآباد، کھمم، نلگنڈہ اور نظام آباد کارپوریشنوں کو جنرل خاتون، جبکہ گریٹر ورنگل کارپوریشن کو جنرل امیدوار کے لیے مختص کیا گیا ہے۔

ریزرویشن کی یہ نئی ترتیب ریاست میں میونسپل عہدوں پر خواتین کی بڑھتی ہوئی سیاسی شراکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ اب سیاسی جماعتیں ان حتمی تفصیلات کے مطابق اپنے امیدواروں کا اعلان کریں گی اور انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہو  گا۔

News Source : Agency