کانگریس حکومت اقلیتوں سے کیے وعدے نبھانے میں ناکام،نظام آباد میں بی آر ایس لیڈرمحمد اکبر نوازالدین کی ڈسٹرکٹ کلیکٹر سے نمائندگی۔

Congress government fails to fulfill promises made to minorities, BRS leader Muhammad Akbar Nawazuddin  represented to District Collector in Nizamabad

(اپنا ورنگل) 

نظام آباد:

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی نے اقلیتی بہبود، مالیاتی بااختیار بنانے اور تعلیمی و فلاحی اسکیموں سے متعلق جو وعدے کیے تھے، حکومت کے تقریباً دو سال مکمل ہونے کے باوجود ان پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا ہے۔ اس صورتحال سے اقلیتی طبقہ شدید مایوسی اور اضطراب کا شکار ہے۔م

حمد اکبر نوازالدین نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ، رعایتی قرضہ اسکیموں کا نفاذ، پری اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپس کی بروقت اجرائی، اوورسیز ایجوکیشن وظائف اور بیواؤں کے لیے مالی امداد جیسے اہم وعدے اب تک کاغذی اعلانات تک محدود ہیں، جبکہ ان کے فوائد مستحق افراد تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی وظائف کی عدم دستیابی کے باعث کئی غریب طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے، جبکہ مالی امداد اور رعایتی قرضوں کی عدم فراہمی سے بے روزگار نوجوان اور بیوہ خواتین سخت مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی فلاح و بہبود کے معاملے میں سنجیدگی کا فقدان نظر آ رہا ہے۔

بی آر ایس رہنما نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تحریری درخواست کا سنجیدگی سے نوٹس لے، متعلقہ محکموں سے فوری رپورٹ طلب کرے اور انتخابی وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، تاکہ اقلیتی طبقے کو انصاف مل سکے۔اس موقع پر ممتاز بیگم طاہر رسول، نرسہ غور اور گلاب شیر خان بھی موجود تھے، جنہوں نے بھی اقلیتی مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

News Source : Nadeem Ahmed