کویتا کاجنم باٹا پروگرام کے تحت نرساپور کے ریڈی پلی گاؤں کا دورہ، متاثرہ کسانوں سے ملاقات۔

Kavita visits Reddypally village in Narsapur, Demands for compensation for their lands and houses

ٹریپل آر پراجیکٹ کے متاثرین اور کسانوں کے ساتھ انصاف کا مطالبہ

متاثرہ خاندانوں کو ان کی اراضیات اور گھروں کا مناسب معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا

جنم باٹا پروگرام کے تحت کے کویتا کا دورہ نرساپور۔ مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد کا عزم

(اپنا ورنگل)

نرساپور :

صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے جنم باٹا پروگرام کے تحت میدک ضلع کے نرساپور منڈل کے ریڈی پلی گاؤں کا دورہ کیا۔ کویتا نے کالیشورم پراجیکٹ کے پیکیج 18، خصوصاً ٹریپل آر اسکیم کے متاثرہ خاندانوں اور بےگھر کسانوں سے ملاقات کی۔ کویتا نے کالوا اور ٹنل کے جاری کاموں کا معائنہ کیا اور مقامی عوام کی شکایات اور مشکلات کی تفصیل سے سماعت کی۔اس دوران کویتا نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ٹریپل آر پراجیکٹ سے متعلق سروے میں واضح طور پر تبدیلی کی گئی ہے اور یہی طرز عمل ہائی ٹینشن تاروں اور ریلوے لائن کے معاملے میں بھی اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کسانوں اور خاندانوں کو ان کی اراضیات اور گھروں کا مناسب اور منصفانہ معاوضہ نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے وہ دستخط کیلئے تیار نہیں اور یہ مکمل طور پر جائز موقف ہے۔

کویتا نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ اسی ضلع میں ملّنا ساگر پراجیکٹ کے متاثرین نے یہاں اپنی نئی زمینیں خریدی تھیں، لیکن اب وہ زمینیں دوبارہ متاثر ہونے کے دہانے پر ہیں، جو ان خاندانوں کے ساتھ ایک اور بڑی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ زمین کھونے والے خاندانوں کیلئے خصوصی غور و فکر اور اضافی معاونت ضروری ہے۔ حکومت کو اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔کویتا نے واضح کیا کہ آر آر آر پراجیکٹ میں بزرگوں اور دیہات کے پرانے مکینوں کی زمینوں کو بچانے کے بجائے سروے کو من مانی طریقے سے تبدیل کیا جا رہا ہے، جو سرکاری نااہلی اور بےحسی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ سیاسی مقصد کے تحت نہیں بلکہ عوام کے حقیقی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کے لئے ہے، کیونکہ یہاں ووٹ لینے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ حیدرآباد میں متعلقہ حکام اور وزراء سے ملاقات کریں گی اور متاثرہ خاندانوں کے حق میں جدوجہد کریں گی۔ کویتا نے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ گزشتہ روز وہ حیدرآباد میں آر ٹی سی ایم ڈی سے ملاقات کی تھیں۔

ملازمین کی مشکلات ان کے سامنے رکھی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے کاموں کے دوران کئی فنکاروں اور غریب خاندانوں کے گھر بھی متاثر ہو رہے ہیں، جن کی حفاظت اور بازآبادکاری کے لئے وہ حکومت سے خصوصی توجہ کی درخواست کریں گی۔کویتا نے کہا کہ وہ متاثرین کے مسائل کی یکسوئی اور ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہیں گی اور حکومت پر دباؤ ڈالیں گی کہ وہ فوری طور پر منصفانہ معاوضہ، محفوظ بازآبادکاری اور پراجیکٹ کے کاموں میں شفافیت کو یقینی بنائے۔

News Source : M.F. Baig Riaz