ورنگل کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا کی کسانوں سے ملاقات، یوریا تقسیم کا اچانک معائنہ ۔

Warangal Collector Dr. Satya Sharda meets farmers, conducts surprise inspection of urea distribution

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

ورنگل ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا سنگم منڈل مرکز میں پریزائیڈنگ آفیسرز کی تربیتی پروگرام کا معائنہ کرنے جا رہی تھیں کہ راستے میں گرو مور سنٹر کے قریب بڑی تعداد میں کسانوں کو دیکھ کر اپنی گاڑی رکوائی۔کلکٹر نے کسانوں سے استفسار کیا کہ وہ وہاں کس غرض سے جمع ہیں، جس پر کسانوں نے بتایا کہ وہ یوریا حاصل کرنے کے لیے آئے ہیں۔ اس پر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے فوراً گرو مور سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے یوریا کی تقسیم کے عمل اور ذخیرے کی صورتحال کے بارے میں انتظامیہ سے معلومات حاصل کیں۔

بعد ازاں انہوں نے موقع پر موجود کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے یوریا کی قیمت کے بارے میں پوچھا، جس پر کسانوں نے بتایا کہ انہیں یوریا حکومت کے مقررہ ایم آر پی (MRP) نرخ پر ہی دستیاب ہو رہا ہے۔کلکٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ یوریا کی تقسیم کے دوران کسانوں کو فراہم کیے جانے والے "پنٹلہ آروگیہ دیپیکا” کارڈز میں تفصیلات درج کریں اور ٹوکن سسٹم کے تحت کھاد فراہم کریں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔

انہوں نے مزید ہدایت دی کہ کسانوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے بیج، کھاد اور جراثیم کش ادویات کو بروقت اور مناسب مقدار میں دستیاب رکھا جائے۔ زرعی افسران کو کسانوں کے لیے ہر وقت میسر رہنے کا بھی حکم دیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz