Urs celebrations of dargah hazrath syed shah ahmed qattal hussaini rh kolampally
حضرت مخدوم سید شاہ احمد قتال حسینیؒ کے عرسِ مقدس کی روحانی تقریبات، علمائے کرام و مشائخین کی پرنور شرکت متوقع۔
(اپنا ورنگل)
کولم پلی — موضع کولم پلی، ضلع نارائن پیٹ میں واقع بارگاہِ عالیہ قتالیہ میں حضرت مخدوم سید شاہ احمد قتال حسینیؒ کا 551 واں سالانہ صندل شریف عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس سلسلے کی روحانی محافل کا آغاز 3 جمادی الاول بمطابق 26 اکتوبر 2025 (بروز اتوار) بعد نمازِ مغرب فاتحہ خوانی و تناولِ طعام سے ہوگا۔ بعد نمازِ عشاء سجادہ نشین حضرت نورالمشائخ سید شاہ حفیظ اللہ حسینی صاحب قبلہ کی صدارت و نگرانی میں جلسۂ سیرتِ اولیاء ومحفلِ سماع منعقد کیا جائے گا۔ محفل کا آغاز قاریِ مکرّم حافظ سید شاہ عنایت اللہ حسینی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا، جب کہ شہرۂ آفاق عالمِ دین، سابق شیخ العقائد جامعہ نظامیہ، شہنشاہِ خطابت حضرت علامہ مولانا سید شاہ عزیز اللہ قادری دامت برکاتہم خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹر اور دیگر مقامات کے ممتاز مشائخین، علما اور سجادگانِ کرام کی تشریف آوری متوقع ہے۔ مہمانانِ کرام کا استقبال سید شاہ رحمت اللہ حسینی صاحب گلپوشی کے ذریعے فرمائیں گے۔ جانشین و سجادہ نشین آستانۂ قتالیہ سید شاہ آیت اللہ حسینی کے اطلاع نامہ کے مطابق، 4 جمادی الاول بمطابق 27 اکتوبر 2025 (پیر) بعد نمازِ فجر، سجادہ نشین کے دولت خانہ سے جلوسِ صندل مبارک نہایت شاندار و پُرجوش انداز میں مریدین و معتقدین اور رفاعی فقراء کی معیت میں درگاہِ عالیہ تک روانہ ہوگا۔ مراسمِ صندل مالی نورالمشائخ حضرت سید شاہ حفیظ اللہ حسینی صاحب قبلہ اپنے فرزندانِ گرامی کے ساتھ انجام دیں گے۔ بعد ازاں گل پوشی، چادرپوشی، سلام و فاتحہ اور تقسیمِ تبرکات کی روحانی فضا میں محفل کا اختتام ہوگا۔ آخر میں سید شاہ حکیم اللہ حسینی نے تمام عاشقانِ اولیاء سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت موقع پر عشاقانہ جذبے کے ساتھ کثیر تعداد میں شریک ہو کر برکت و فیضان حاصل کریں۔
News Source : Javeed Ansari


