عرس شریف شاہ دکن حضرت خواجہ حاجی شاہ نصیر الدینؒ کی بابرکت تقریبات 13 تا 15 فبروری کو منعقد ہوں گی۔

The blessed Urs Sharif celebrations of Shah Deccan Hazrat Khwaja Haji Shah Naseeruddin (RA) will be held from February 13 to 15

(اپنا ورنگل)

قسمت پور،ضلع رنگا ریڈی :

شاہِ دکن قدوۃ السالکین زبدۃ العارفین غریب المساکین پیر طریقت حضرت خواجہ حاجی شاہ نصیر الدینؒ صدیقی و چشتی متوکل پیر کامل وعارف رحمہ اللہ واقع قسمت پور حمایت ساگر ضلع رنگا ریڈی کے 49 ویں سہ روزہ سالانہ عرس شریف کی روحانی و بابرکت تقریبات 13، 14 اور 15 فبروری 2026 عیسوی بروز جمعہ تا اتوار کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہونے جارہی ہیں۔ اس سلسلہ میں درگاہ شریف کو خصوصی طور پر سجایا جا رہا ہے اور مختلف دینی و روحانی پروگراموں کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔

عرس مبارک کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا ، جس کے بعد نعت خوانی ، منقبت اور علماء کرام و مشائخ عِظام کے روحانی و اصلاحی بیانات کا سلسلہ رہے گا۔ مقررین حضرت خواجہ حاجی شاہ نصیرالدینؒ صدیقی و چشتی رحمہ اللہ کی حیاتِ مبارکہ ، دینی خدمات اور روحانی فیوض و برکات پر روشنی ڈالینگے۔ جس کی سرپرستی سجادہ نشین و متولی رہبر راہ شریعت پیرطریقت حضرت قاضی خواجہ شاہ سلیم الدین صدیقی چشتی قادری رفاعی حسینی سہروردی نصیری خلیفہ حیدرآباد فرمائینگے اور خدمت مراسم عرس شریف تقاریب انجام دینگے –

مولوی خواجہ قاضی شاہ خضر الدین صدیقی چشتی القادری سلیمیؔ رفاعی حسینی سہروردی نصیری کے بموجب 13 / فبروری بروز جمعہ صندل مالی خانقاہ نصیریہ خواجہ گلشن چھوٹا بازار قلعہ گولکنڈہ سے بعد نماز عصر برآمد ہوگی -14 / فبروری بروز ہفتہ بعد نماز مغرب جشن چراغاں منعقد ہونگے – جبکہ 15 / فبروری بروز اتوار ختم القرآن ، دعا اور تقسیم تبرکات سے عرس شریف تقاریب اختتام پذیر ہونگی – سلسلہء نصیریہ چشتیہ صدیقیہ رفاعیہ کےمنتظمین کے مطابق عرس شریف کے موقع پر اجتماعی دعا ، فاتحہ خوانی اور صلوٰۃ و سلام قوالی کی محافل بھی منعقد ہونگی ۔

زائرین و عقیدت مندوں کے لئے لنگرِ عام کا خصوصی انتظام کیا جا رہا ہے۔شہر و اطراف کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ انتظامیہ نے تمام محبانِ اہلِ بیتؓ و اولیائے کرام سے شرکت کی پرخلوص اپیل کی ہے تاکہ اس روحانی اجتماع سے زیادہ سے زیادہ فیض حاصل کیا جا سکے۔آخر میں منتظمین نے کہا کہ عرس شریف کا مقصد بزرگِان دین کی تعلیمات کو عام کرنا اور معاشرہ میں محبت ، بھائی چارہ اور اخوت کو فروغ دینا ہے۔

News Source : M.F. Baig Riaz