Telangana Urdu Working Journalists Union, Karimnagar unit holds membership meeting, discusses accreditation issues in detail
(اپنا ورنگل)
کریم نگر :
سید اصغر حسین، سیکریٹری تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) کی اطلاع کے بموجب، کریم نگر یونٹ کی جانب سے رکنیت سازی کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں متحدہ ضلع کریم نگر سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے یونین کی رکنیت حاصل کی۔اجلاس کے دوران صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بالخصوص ماضی میں پیش آنے والے مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے اسباب پر روشنی ڈالی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ آئندہ اس نوعیت کے مسائل کے تدارک کے لیے ایک جامع اور مؤثر لائحۂ عمل تیار کیا جائے۔
اجلاس میں صحافیوں کی ایکریڈیٹیشن سے متعلق مسائل کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔ نثار احمد پروانہ، صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین نے حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ ایکریڈیٹیشن سے متعلق مختلف سرکاری احکامات (GOs) پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کئی مستحق اور فعال صحافی تاحال ایکریڈیٹیشن سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں پیشہ ورانہ سطح پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر سینئر صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ ایکریڈیٹیشن کے عمل کو مزید شفاف، آسان اور صحافی دوست بنایا جائے، تاکہ تمام اہل صحافیوں کو بروقت ایکریڈیٹیشن کارڈ فراہم کیا جا سکے۔دریں اثنا، سید شاکرالصمد، ایگزیکٹیو ممبر تلنگانہ نے واضح کیا کہ ٹریڈ یونین ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ریاست کی واحد اردو صحافی یونین، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) کی جانب سے ریاست گیر سطح پر رکنیت سازی مہم (ممبرشپ ڈرائیو) کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد ریاست بھر کے اردو صحافیوں کو ایک مضبوط، منظم اور باوقار پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے، تاکہ صحافتی حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔خواجہ عالم الدین، آرگنائزنگ سیکریٹری نے کہا کہ یونین کی رکنیت اردو صحافیوں کے لئے نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ یہ انہیں اپنی شناخت، تحفظ اور اجتماعی طاقت کو مستحکم کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رکنیت کے لیے آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی، پاسپورٹ سائز حالیہ تصویر اور ایکریڈیٹیشن کارڈ یا متعلقہ میڈیا ادارے کا شناختی کارڈ (ID) لازمی ہے، جبکہ رکنیت کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین نے حال ہی میں ریاستی وزیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ پی ۔
سرینواس ریڈی اور کمشنر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ محترمہ ایچ پرینکا سے ملاقات کرتے ہوئے میڈیا ایکریڈیٹیشن سے متعلق جاری کردہ سرکاری حکم نامہ G.O.Ms.No.252 مورخہ 12 دسمبر 2025 پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔ یونین کے نمائندوں نے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ مذکورہ جی او کی بعض دفعات عملی صحافت سے ہم آہنگ نہیں ہیں اور ان کے نتیجے میں کئی مستحق صحافی ایکریڈیٹیشن سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایکریڈیٹیشن پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے مزید جامع، شفاف اور صحافی دوست بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ایکریڈیٹیشن کے حصول اور دیگر پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔ شرکاء نے یونین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا۔اس اجلاس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے سینئر صحافیوں میں محمد عبدالحکیم، پداپلی محمد حفیظ، گوداوری کھنی، محمد رفیع (سرسلہ)، سید رسول (ویمولواڑہ)، محمد خالد حسین، مرزا فیاض بیگ، محمد جمیل اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
News Source : M..A. Waheed

