Sacrifices of police martyrs will always be remembered police commissioner sanpreet singh
ورنگل :
(اپنا ورنگل)
ورنگل پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے کہا کہ امن و امان کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہیدوں کی قربانیاں ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ ورنگل پولیس کمشنریٹ دفتر میں پولیس شہیدوں کے یادگار ستون کے قریب "پولیس شہید یومِ یادگار” (فلیگ ڈے) نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ملک بھر میں جانیں قربان کرنے والے 191 پولیس افسران کے ناموں کو ایڈیشنل ڈی سی پی روی نے پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں تقریب کے مہمانِ خصوصی ورنگل پولیس کمشنر سن پریت سنگھ کے ساتھ ریاستی ارکانِ اسمبلی نائینی راجیندر ریڈی، کے آر ناگا راجو، ورنگل اور ہنمکنڈہ اضلاع کی کلکٹرس ڈاکٹر ستیہ شاردا، سنیہا شبریش، گریٹر ورنگل میونسپل کمشنر چہت باجپائی، این ڈی پی سی ایل سی ایم ڈی ورن ریڈی، این سی سی گروپ کمانڈر کرنل سچن انارا، کرنل روی، ڈی سی پی انکیت کمار، ایڈیشنل ڈی سی پیز سریش کمار، پربھاکر راؤ، سرینواس، بالاسوامی، ریڈکراس ریاستی کمیٹی کے رکن ای وی سرینواس راؤ کے علاوہ اے سی پیز، انسپکٹرز، آر آئیز، ایس آئیز، پولیس شہیدوں کے لواحقین اور دیگر پولیس عملے نے یادگار پر پھول چڑھائے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ آر آئی اسپرژن کی قیادت میں مسلح پولیس نے تعظیمِ شہدا کے طور پر ’شوک سلام‘ پیش کیا، جب کہ پولیس افسران، جوانوں اور شہیدوں کے اہلِ خانہ نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے پولیس افسران قوم کے ہیرو ہیں۔ ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت، ایمانداری اور دیانت کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ محکمہ پولیس کا وقار بلند رہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں بھلائی نہیں جا سکتیں، وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ شہیدوں کے اہلِ خانہ کی خدمت اور ان کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہیں کسی بھی مسئلے میں پولیس محکمے کی مکمل مدد فراہم کی جائے گی۔ بعدازاں کمشنریٹ دفتر سے مشن اسپتال تک نکالی گئی ریلی میں ارکانِ اسمبلی، پولیس افسران، عملہ، شہیدوں کے اہلِ خانہ اور پولیس جاگروتی کلابند کے اراکین نے شرکت کی اور پولیس شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman Wajid


