Republic Day ceremony held at PKPS Bagdal, emphasis on national unity
(اپنا ورنگل)
بیدر :
پی کے پی ایس سوسائٹی بگدل کے زیرِ اہتمام یومِ جمہوریہ کی تقریب نہایت وقار، جوش و خروش اور قومی جذبہ کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ملک کے نیشنل ایوارڈ یافتہ کسان اور پیرِ طریقت ڈاکٹر الحاج شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری صاحب بگدلی، صدر پی کے پی ایس سوسائٹی بگدل نے صبح 8:30 بجے قومی پرچم لہرایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب صدر نے مجاہدینِ آزادی کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطنِ عزیز کی آزادی اور سالمیت بے شمار جانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو وطن سے سچی محبت، باہمی اخوت اور ملک کے لیے ہر قسم کی قربانی کے جذبہ کو زندہ رکھنے کی تلقین کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کی خوبصورتی اس کی گنگا جمنی تہذیب میں مضمر ہے، جہاں ہندو اور مسلم دو آنکھوں کی مانند ہیں، ایک کو تکلیف ہو تو دوسری بھی بے چین ہو جاتی ہے۔
جناب ڈاکٹر قادری نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد ملک کو ایک مضبوط اور منصفانہ نظامِ دستور کی ضرورت تھی، جسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی قیادت میں مرتب کیا گیا۔ 26 جنوری 1950 کو نافذ ہونے والا آئینِ ہند دنیا کا ایک منفرد دستور ہے، جو تمام شہریوں کو مساوی حقوق، آزادی اور انصاف کی ضمانت دیتا ہے۔اس تقریب میں جناب شوکمار پاٹل (نائب صدر)، پی کے پی ایس سوسائٹی کے عہدیداران، ڈائریکٹرس اورکسان- کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مہمانانِ خصوصی میں جناب محمد غلام احمد قادری بگدلی (شیرو قادری) صاحب ، محمد پاشاہ قادری صاحب بگدلی، محمد مجیب الدین سوداگر اوردیگر شامل تھے۔آخر میں سوسائٹی کے سیکریٹری نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
News Source : M.A. Samad Manju wala

