تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں یوم جمہوریہ تقریب –کلواکنٹلہ کویتا نے قومی پرچم لہرایا۔

Republic Day Celebration at Telangana Jagruti Office – Kalvakuntala Kavita hoists the National Flag

کانگریس اور بی جے پی پر پسماندہ طبقات کو دھوکہ دینے کا الزام

بی سیز کے حقوق کے تحفظ کے لئے تلنگانہ جاگروتی مصروف عمل

29 جنوری کو گول میز کانفرنس۔ یوم جمہوریہ تقریب سے کے کویتا کا خطاب

(اپنا ورنگل)

یوم جمہوریہ کے موقع پر صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر انہوں نے تمام اہل وطن کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ کویتا نے کہا کہ ہمیں قومی جذبے کے ساتھ اور سبھاش چندر بوس کی فکر سے تحریک لیتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بی سی کاسٹ سینسس کے معاملہ پر بی جے پی نے ایک نئے فریب کی شروعات کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پسماندہ طبقات کے حقوق کے لئے تلنگانہ جاگروتی جدوجہد کا بگل بجانے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے بی سی کاسٹ سینسس کے معاملہ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کاسٹ سینسس پر انہیں بھروسہ تھا، لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ کاسٹ سینسس دستاویز میں بی سی کے لئے کوئی علیحدہ کالم موجود نہیں ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے پسماندہ طبقات کی توہین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی بی سی ذیلی ذاتوں کی گنتی کا مطالبہ کرتی ہے اور وہ اس سلسلہ میں بی سی دانشوروں سے بات چیت کر رہی ہے ۔کلواکنٹلہ کویتا نے بتایا کہ 29 جنوری کو پسماندہ طبقات، بی سی ذیلی ذاتوں اور خانہ بدوش قبائل کے ساتھ ایک گول میز اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ذات اور ذیلی ذات کی آبادی کے تناسب پر مشتمل ایک دستاویز تیار کی جائے گی اور اسے تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے مرکزی حکومت کو پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح 2011 میں کانگریس نے پسماندہ طبقات کو دھوکہ دیا تھا، اسی طرح 2026 میں بی جے پی بھی پسماندہ طبقات کو دھوکہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی ان کوششوں کو ناکام بنانا ضروری ہے اور تلنگانہ جاگروتی کو سماج کے لئے ایک تحریک بن کر کھڑا ہونا چاہئے۔

News Source : M.F. Baig Riaz