بحیثیت صدر مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی و جنرل سکریٹری مولانا محمد اکبر خان اسعدی کا انتخاب

Formation of Jamiat Ulema, Nalgonda District Telangana
حیدرآباد- 7/ ستمبر
( اپنا ورنگل )
جمعیتہ علماء ضلع نلگنڈہ کا بتاریخ 7 ستمبر بروز اتوار صبح 11 بجے بمقام دارالعلوم نلگنڈہ انتخاب بحسن و خوبی منعقد ہوا۔ اس موقع پر ریاستی جمعیتہ العلماء کی جانب سے بحیثیت مبصر حافظ پیر خلق احمد صاحب تشریف لائے۔اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں سابقہ میعاد کی تفصیلی رپورٹ مولانا محمد اکبر خان اسعدی صاحب جنرل سکریٹری جمعیتہ العلماء ضلع نلگنڈہ نے پیش کی، جس میں گزشتہ میعاد کے دینی، سماجی اور تنظیمی کاموں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد صدر جمعیتہ العلماء ضلع نلگنڈہ حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی صاحب نے اپنے پراثر خطاب میں جمعیتہ العلماء کی تاریخ اور اس کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اراکین کو جمعیتہ کے مشن کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ترغیب دی۔ انتخابی کارروائی میں ضلع بھر سے اراکینِ منتظمہ نے بھرپور شرکت کی اور اتفاقِ رائے سے آئندہ میعاد کے لیے درج ذیل عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا: بحیثیت صدر: حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی صاحب۔ نائب صدور: مفتی جاوید حسین صاحب٬ مفتی محمد صدیق صاحب٬ مولانا مخدوم محی الدین صاحب٬ مولانا محمد ولی اللہ صاحب٬ جناب حفیظ خان صاحب۔ جنرل سکریٹری: مولانا محمد اکبر خان اسعدی صاحب۔ سیکریٹری حافظ سید حسان الدین فرقان٬ خازن: مولانا یاسر حسین صاحب٬ پریس سیکرٹری حافظ عتیق الرحمن بیگ کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں ضلع نلگنڈہ کے سنگ تراشوں کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستی جمیعتہ علماء نے ریاستی عام انتخابات سے قبل صدر پردیش کانگریس سے وعدہ لیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی سنگ تراشوں کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریاستی جمعیت کے سکریٹری نے یقین دہانی کروائی کہ ان مسائل کو جلد از جلد حکومت کے سامنے پیش کر کے حل کروانے کی کوشش کی جائے گی، ان شاء اللہ۔ اجلاس میں تمام منڈلوں کے صدور و ذمہ داران نے شرکت کی۔ آخر میں اجتماعی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman Wajid
