ورنگل میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کی 130 ویں سالگرہ تقریب کا انعقاد۔

Netaji Subhash Chandra Bose’s 130th birth anniversary celebrations held in Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

آل انڈیا فارورڈ بلاک پارٹی اور اسٹوڈنٹس بلاک ورنگل ضلعی کمیٹیوں کی زیر نگرانی میں نیتاجی سبھاش چندر بوس کی 130 ویں سالگرہ تقریبات شاندار انداز میں منعقد ہوئیں۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر فارورڈ بلاک پارٹی ورنگل ضلع کے کنوینر اور اسٹوڈنٹس بلاک کے ریاستی جنرل سیکرٹری حکیم نوید نے شرکت کی اور نیتاجی کی تصویر پر پھولوں کا مالا چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر حکیم نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیتاجی سبھاش چندر بوس کی پیدائش 23 جنوری 1897 کو اڑیسہ کے کٹک شہر میں ہوا۔ بچپن سے ہی ان میں حب الوطنی اور نظم و ضبط کے اعلیٰ اوصاف نمایاں تھے۔ تعلیم میں غیر معمولی مہارت رکھنے والے نیتاجی نے بھارتی سول سروس امتحان میں کامیابی حاصل کی مگر برطانوی حکومت کی خدمت ان کے ضمیر کے خلاف تھی اس لیے انہوں نے نوکری کی قربانی دی۔ اور آزادی کی تحریک میں شامل ہو گئے۔

1939 میں انہوں نے آل انڈیا فارورڈ بلاک پارٹی کی بنیاد رکھی۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران انگریزوں کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنے کے لیے عالمی سطح پر مدد اکٹھی کی اور آزاد ہند فوج قائم کی۔ پورے ملک میں نوجوانوں کو جگانے کے لیے "مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا” کے نعرے سےحب الوطنی کا جذبہ بھر دیا۔

حکیم نوید نے کہا کہ نیتاجی کے خوابوں کی تکمیل کے لیے گزشتہ 87 سال سے آل انڈیا فارورڈ بلاک پارٹی ذات، مذہب اور علاقے کی تمیز کے بغیر بھارت کے دوبارہ تعمیر کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ مساوات پر مبنی حقوق اور مضبوط بھارت کی تعمیر کے لیے طلبہ، نوجوان، خواتین، مزدور، کسان اور نیتاجی کے مداحوں سمیت ہر شعور رکھنے والا شخص پارٹی میں شمولیت اختیار کرے۔اس پروگرام میں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

 

News Source : M.F. Baig Riaz