Namaz-e-Janaza of Hyderabadi martyrs at the Prophet’s Mosque — Burial in Jannatul Baqi
(اپنا ورنگل)
مدینہ:
بدر بس سانحہ میں شہید ہونے والے حیدرآبادی معتمرین کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعہ نمازِ جمعہ کے بعد مسجدِ نبویؐ میں ادا کی جائے گی۔حکومتِ ہند اور حکومتِ تلنگانہ نے سعودی حکام سے نمائندگی کی تھی کہ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے دوران پیش آئے حادثے میں شہید ہونے والے تمام معتمرین کی نماز جنازہ مسجدِ نبویؐ میں ادا کرنے اور انہیں جنت البقیع قبرستان میں تدفین کی اجازت دی جائے۔ سعودی حکام نے اس نمائندگی کو قبول کرتے ہوئے ضروری کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔اس دوران شہیدوں کے 38 ارکانِ خاندان مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جن کے قیام و طعام اور سفری انتظامات حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے کیے گئے ہیں۔
سوگوار خاندانوں کو امداد اور سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔حکومتِ ہند کا اعلیٰ سطحی وفد جس کی قیادت گورنر آندھرا پردیش عبدال نذیر کر رہے ہیں، سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان اور سکریٹری (CPV-OIA) ارون کمار چٹرجی کے ساتھ تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین، ایم ایل اے ماجد حسین اور سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے سعودی حکام سے ملاقات کی اور ضروری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ حیدرآباد کے 42 مرحوم معتمرین کی اجتماعی نمازِ جنازہ مسجدِ نبویؐ میں ادا کی جارہی ہے۔
محمد اظہر الدین نے حکومتِ تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہارِ تشکر کیا جنہوں نے شہیدوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یگانگت ظاہر کرتے ہوئے ایکس گریشیا امداد اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا۔
News Source : Agency

