Successful holding of "Structured and Unstructured Naatiya Mushaira” organized by Tehreek-e-Qalam Warangal.
ورنگل- 14/ ستمبر
(اپنا ورنگل)
تحرک قلم ورنگل کے زیراہتمام بروز ہفتہ بوقت 2 بجے دن بمقام اسلامک انفارمیشن سنٹر رائے پورہ ہنمکنڈہ میں طرحی و غیر طرحی مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔مصرع طرح : ” لبوں پر ذکر رہتا ہے نبی کا ” دی گئی تھی- جناب محمد خواجہ نجم الدین گیلانی صاحب مؤظف صدر مدرس اسلامیہ ہائی اسکول شیرپورہ ورنگل نے مشاعرہ کی صدارت فرمائی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر رحیم رامش صاحب کاغذ نگر٬ جناب خالد سعید صاحب ناظم ضلع جنگاوں٬ جناب معشوق ربانی صاحب اسکول اسسٹنٹ و سابقہ اکیڈمک مانیٹرنگ آفیسر( اردو) انتصار گنج ہائی اسکول ورنگل٬ جناب وحید گلشن صاحب سینئر صحافی روزنامہ اعتماد نے شرکت فرمائی۔ مشاعرہ کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن پاک اور ترجمہ سے ہوا جسے جناب وہاج الحق صاحب سابقہ امیر مقامی نے انجام دیا۔ حمد بارئ تعالٰی ڈاکٹر عزیز سلیم صاحب نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعدازاں جناب سید دستگیر صاحب٬ جناب جمیل محبوب صاحب اور جناب محمد غوث الدین صاحب نے بارگاہ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مہمان شعراء میں ڈاکٹر رحیم رامش کاغذ نگر٬ ڈاکٹر نعیم سلیم حیدرآباد نے اپنی طرحی نعتوں سے سامعین کو محظوظ فرمایا۔ میزبان شعراء میں جناب اقبال شیدائی٬ جناب مسعود مرزا محشر٬ جناب ناصر واحدی٬ جناب وحید گلشن٬ پروفیسر احمد حسین خیال٬ جناب مجاہد حسین جوہر٬ جناب امیرالدین امیر٬ جناب خواجہ کیفی نے اپنی طرحی نعتوں کا نذرانہ بارگاہ رسالت مآب میں پیش کیا۔ دوران مشاعرہ جناب اظہر کورٹلوی٬ جناب عسکر نرملی٬ جناب فہیم ماجد نرمل اور ڈاکٹر عبد الہادی منزہ نرمل کی طرحی مرسلہ نعتیں پڑھ کر سنائی گئیں۔ اس طرح طرحی دور کا اختتام ہوا۔ غیر طرحی دور سے قبل جناب خالد سعید صاحب نے سامعین کو اسوہ حسنہ اور ہماری ذمہ داری کے عنوان پر مختصر مگر مؤثر خطاب فرمایا۔ غیر طرحی دور میں ڈاکٹر شجیع اکبر نے حصہ لیا جس کے بعد صدر مشاعرہ نے صدارتی کلمات کے بجائے اپنی دلکش آواز میں نعت رسول مقبول کے منتخب اشعار گنگنائے- اس مشاعرہ کی نظامت معروف ناظم مشاعرہ ڈاکٹر عزیز سلیم صاحب نے بہ حسن و خوبی انجام دی۔ بعدازاں ناصر واحدی صدر تحریک قلم ورنگل کے ہدیہ تشکر کے ساتھ ہی مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا- مشاعرہ میں شمع محمدی کے پروانوں کی کثیر تعداد موجود تھی.
News Source : Mohd Fazal ur Rahman Wajid


