mirza guda accident brought tears to every ones eyes among the dead were 12 women 7 men and one innocent child
(اپنا ورنگل)
رنگا ریڈی:
پیر کی صبح ضلع رنگا ریڈی کے مرزا گوڑہ کے قریب پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں کم از کم 20 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ کئی دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق تاندور ڈپو سے حیدرآباد جانے والی ٹی ایس 34 ٹی اے 6354 نمبر کی آر ٹی سی بس، کنکر سے بھری ہوئی ایک لاری سے ٹکرا گئی۔تفصیلات کے مطابق بس صبح 4:40 بجے تاندور سے روانہ ہوئی تھی۔ بس میں تقریباً 70 مسافر سوار تھے جن میں زیادہ تر سرکاری ملازمین اور کالج کے طلبہ شامل تھے جو اتوار کی تعطیل کے بعد حیدرآباد واپس آرہے تھے۔
حادثے کے نتیجے میں بس ڈرائیور دستگیر، لاری ڈرائیور، 12 خواتین، 7 مرد اور ایک کمسن بچہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ متعدد مسافر شدید زخمی ہوئے، جبکہ بس کنڈکٹر رادھا کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے کے باعث حیدرآباد-بیجاپور ہائی وے پر ٹریفک جام ہو گئی۔
چیوڑلہ–وقارآباد روٹ پر گاڑیاں لمبی قطاروں میں پھنس گئیں۔ پولیس، فائر سروس اور مقامی افراد نے تین جے سی بیز کی مدد سے امدادی کاروائیاں شروع کیں اور کنکر کے نیچے دبے مسافروں کو نکالا۔امدادی کاروائی کے دوران چیوڑلہ کے سی آئی بھوپال سریدھر زخمی ہو گئے جب ایک جے سی بی ان پر چڑھ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جائے وقوعہ پر مسافروں کی چیخ و پکار اور لاشوں کی موجودگی سے ماحول انتہائی افسردہ ہو گیا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

