ورنگل :
( اپنا ورنگل)
ریاستی وزیر کونڈا سُریکھا نے بی سی تحفظات کے مطالبہ پر کیے گئے احتجاج میں حصہ لیا۔ انہوں الزام عائد کیا کہ بی سی تحفظات میں رکاوٹ کی وجہ بی جے پی ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ بی سی تحفظات کی بل کو گورنر کی دستخط کے بغیر مرکز کو بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا بی جے پی دکھاوے کیلئے بند میں حصہ لے رہی ہے۔ ریاستی وزیر کونڈا سُریکھا نے بلدیاتی انتخابات میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے تحفظات کے نفاذ کو روکنے کیلئے بی جے پی پر کڑی تنقید کرتے ہوے کہا کہ اب وہی پارٹی بند میں حصہ لیتے ہوے ڈرامے کھیل رہی ہے۔ بی سی جے اے سی نے بلدیاتی اداروں میں بی سی طبقات کیلئے 42 فیصد تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوے آج ریاست گیر بند کی کال دی ہے۔ اس بند کی حمایت میں وزیر کونڈا سریکھا نے کنٹونمنٹ ایم ایل اے گنیش کے ہمراہ رتھ فائل بس اسٹائینڈ پر منعقدہ احتجاجی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوے بی جے پی کے رویہ پر تنقید کی۔ کونڈا سُریکھا نے واضح کیا کہ ان کی حکومت بی سی تحفظات کے بارے میں پوری طرح مخلص ہے۔ وزیراعلٰی ریونت ریڈی کی قیادت میں ہم نے قانون ساز اسمبلی میں بل پاس کیا اور ایک آرڈیننس بھی جاری کیا۔ اگر گورنر اس بل پر دستخط کر دیتے تو یہ مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بل کو روکنے کی سازش کے ساتھ اسے مرکز کو بھیجا گیا٬ انہوں نے یاد کیا کہ جب حکومت نے سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کے مطابق ایک جی او جاری کیا تو بی جے پی لیڈر عدالت گئے اور اس میں رکاوٹ ڈالی۔ وزیر کونڈا سُریکھا نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف قانونی رکاوٹیں کھڑی کرنا اور دوسری طرف بی سی تحفظات کے مطالبہ پر جاری احتجاج میں حصہ لینا ان کے دوہرے رویہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman Wajid

