Massive Waqf registration camp held at Kazipet Dargah Warangal, Register immediately on Waqf Umeed portal: Appeal of Hazrat Khusro Pasha
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
مسلم لیگل ٹیم اور انٹلکچولس ٹیم ورنگل کے زیر اہتمام درگاہ قاضی پیٹ کے احاطہ میں وقف املاک کے محفوظ رجسٹریشن سے متعلق رہنمائی کیمپ کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کیمپ کا افتتاح حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ قاضی پیٹ، چیرمین ریاستی حج کمیٹی تلنگانہ نے انجام دیا۔اس موقع پر حضرت خسرو پاشاہ نے کہا کہ رہنمائی کیمپ کا مقصد مرکزی حکومت کے تیار کردہ “وقف امید پورٹل” کے ذریعہ وقف املاک کے آن لائن رجسٹریشن کے عمل سے شہری و دیہی علاقوں کے مسلمانوں کو آگاہ کرنا اور انہیں مکمل رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مساجد، عیدگاہیں، درگاہیں، قبرستان، مدارس اور تعلیمی اداروں کا اندراج فوری طور پر “امید پورٹل” پر مکمل کریں۔ خسرو پاشاہ نے بتایا کہ یہ رہنمائی کیمپ 30 نومبر کو بھی صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ 5 دسمبر 2025 رجسٹریشن کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، اس لیے تمام متعلقہ ذمہ داران اپنے پاس موجود دستاویزات کے ساتھ جلد از جلد رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وقف املاک کے تحفظ میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔

کیمپ میں متعدد کمپیوٹروں اور رہنمائی کے لیے عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے جو اپنی خصوصی دلچسپی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس پروگرام میں محمد ابوبکر (سابق کارپوریٹر)، وقف انسپکٹر ہنمکنڈہ محمد ریاض پاشاہ،مرزا عزیز بیگ، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، محمد مدثر ایڈوکیٹ، اعجاز احمد، محمد عبدالقہار، محمد صادق، محمد عبدالصمد، محمد نصیرالدین، شہری اور دیہی علاقوں کے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

