بی آر ایس اور کانگریس نے مجلس کو پروان چڑھایا، کشن ریڈی کا سخت ردعمل.

Kishan reddy said that major bjp leaders will take part in the campaign on sunday

’’گؤرکشک‘‘ پر حملہ افسوسناک، مجلس انتہا پسندی کی راہ پر: کشن ریڈی۔

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :
جوبلی ہلز ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں مرکزی وزیر کشن ریڈی نے وینگل راؤ نگر ڈویژن اور مدھورا نگر میں مہم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو اس مہم میں بی جے پی کے اہم قائدین بڑے پیمانے پر حصہ لیں گے۔انہوں نے مجلس پارٹی سے وابستہ ایک شخص کی جانب سے  گؤرکشا پر حملہ اور قتل کی کوشش کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ریاست میں امن و امان کی ناکامی کی واضح مثال ہے۔

کشن ریڈی کا کہنا تھا کہ بی آر ایس دورِ حکومت میں مجلس پارٹی کو پروان چڑھایا گیا اور اسی کے سہارے حکومت چلائی گئی، اب کانگریس حکومت بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’گؤرکشا‘‘ کرنے والے شخص پر فائرنگ کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس حکومت میں مجلس پارٹی کا غنڈہ راج اور انتہا پسندی کس حد تک بڑھ چکی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مجلس کے کئی قائدین کے پاس غیر قانونی اسلحہ موجود ہے، اور یہ جماعت ریاست میں ایک خطرناک اور مذہبی جنونیت رکھنے والی طاقت بن کر ابھر رہی ہے۔

کشن ریڈی نے کہا کہ ایسی وارداتوں پر روک لگانے کی صلاحیت نہ تو کانگریس حکومت میں ہے اور نہ ہی سابق بی آر ایس حکومت میں تھی۔ ان کے مطابق، ریاست میں مجلس کے ظلم و زیادتیوں کا خاتمہ صرف بی جے پی ہی کرسکتی ہے۔کشن ریڈی نے مزید کہا کہ کانگریس نے مجلس سے وابستہ شخص کو اپنا امیدوار بنا کر اپنے دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ گزشتہ کئی برسوں سے نظرانداز کیا گیا ہے، جبکہ اس کے اطراف کے حلقے نمایاں ترقی کرچکے ہیں۔ اس پسماندگی کے لیے انہوں نے سابق بی آر ایس ایم ایل اے اور موجودہ کانگریس حکومت دونوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔مرکزی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جوبلی ہلز کی ترقی کے لیے باصلاحیت بی جے پی امیدوار لنگا دیپک ریڈی کو کامیاب بنائیں۔

News Source : Agency