گرو نانک پبلک اسکول کی گولڈن جوبلی تقریب میں جاوید علی کا پرہجوم لائیو میوزک پروگرام ۔

Javed Ali’s crowded live music program at the Golden Jubilee celebration of Guru Nanak Public School

(اپنا ورنگل)

بیدر :

گرو نانک پبلک اسکول بیدر کی گولڈن جوبلی تقریب کے ایک حصے کے طور پر جی این ڈی انجینئرنگ کالج اسٹیڈیم میں معروف پلے بیک سنگر جاوید علی کا لائیو میوزک پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں طلباء، اولیائے طلبہ، موسیقی کے شائقین سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی اوراس یادگار میوزیکل نائٹ سے لطف اندوز ہوئے۔اس پروگرام کو ضلع بھرکے موسیقی کے شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا۔ اپنی جاندار آواز اور بالی ووڈ کے مشہور ہٹ گانوں کے لیے مشہور جاوید علی نے مدھر گانوں سے لے کر آج تک کے گانوں کی مختلف پیشکش سے سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کی ا سٹیج پر موجودگی اور سریلی گائیکی نے سامعین میں جوش پیدا کر دیا تھا۔

گرو نانک ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن کی نائب صدر ڈاکٹر ریشما کور نے کہا کہ گرو نانک اسکول کی گولڈن جوبلی تقریب کئی مہینوں سے مختلف پروگراموں کے ساتھ جاری ہے اور اس میلے کا اختتام جاوید علی کے ایک میوزیکل پروگرام کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارے کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ معروف گلوکار جاوید علی نے بیدر آکر اپنے شاندار گانوں سے لوگوں کو محظوظ کیا۔گولڈن جوبلی جنوری سے دسمبر تک مختلف سماجی، ثقافتی اور طلبہ پر مبنی پروگراموں کے ذریعے منائی گئی۔ان میں صحت سے متعلق آگاہی ”بیدر میراتھن”، ناری شکتی ایوارڈ، ماحولیات کے تحفظ ”پلانٹیشن ڈرائیو”، یوگا ڈے، سابق طلباء سے ملاقات، روبک کیوب گنیز ورلڈ ریکارڈ وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ادارہ گرو نانک دیو یونیورسٹی کے قیام کے لیے سخت محنت کر رہا ہے جو کہ بانی صدر سردار جوگا سنگھ کا خواب تھا اور یہ جلد ہی پورا ہو گا۔پروگرام کو کامیاب بنانے پر ادارے کے عملہ، طلباء، محکمہ پولیس، فائر بریگیڈ اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔پروگرام کی صدارت ادارے کے صدر ڈاکٹر ایس بلبیر سنگھ نے کی۔اس موقع پر وزیر حج وبلدیہ جناب رحیم خان، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، ضلع پولیس کے سپرنٹنڈنٹ جناب پردیپ گنٹی، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس شری چندرکانت پجاری، سابق وزیر شری بنڈپاقاسم پور، ایم ایل اے شری شیلیندر بیلداڑے اور کئی دیگر معززین اس تقریب میں شریک رہے۔اس بات کی اطلاع محترمہ نلنی ڈی جی، پرنسپل گرو نانک پبلک اسکول، بیدرنے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔

News Source : M.A. Samad Majuwala