Intellectuals express concern over the situation in Gaza after the ceasefire, speakers address a roundtable conference organized by the Jamaat-e-Islami Warangal.
ورنگل :
(اپنا ورنگل)
غزہ نسل کشی اور بھوک- تباہی سے تعمیر نو تک کے عنوان پر ایک گول میز مذاکرہ کا جماعت اسلامی ہند گریٹر ورنگل سٹی کے زیر اہتمام عبدالمجید شعیب نائب امیر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی صدارت میں انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر شہر ورنگل کے دانشور٬ اساتذہ٬ سماجی کارکنان٬ صحافی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مذاکرہ میں جنگ بندی کے بعد غزہ کی صورتحال پر آپس میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بیشتر مقررین نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے انسانی المیے٬ بے گناہوں کے قتل عام٬ بھوک اور رہائشی علاقوں کی مکمل تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسرائیل کی نسل کش پالیسیوں اور جنگی جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوے مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ حاضرین اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری فوری طور پر قدم اٹھائے تاکہ غزہ میں خوراک٬ طبی امداد اور تعمیر نو کی سہولتیں محصور آبادی تک پہونچ سکیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دنیا بھر کے افراد اور اقوام پر یہ اخلاقی اور انسانی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔ اجلاس کا اختتام غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے آگاہی٬ تعاون اور امداد کی اپیل کے ساتھ ہوا۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تباہ حال زندگیوں کو دوبارہ تعمیر کرنا اور مظلوموں کو ان کا وقار پہر سے واپس دلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
News Source : M. F. Baig Riaz


