اپنی اولاد کو قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ اولیاء اللہ کی تعلیمات دلائیں ، ڈاکٹر شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری کا خطاب۔

Instill in your children the teachings of theHoly Quran, as well as the teachings of the saints of Allah, A speech by Dr. Shah Khalifa Muhammad Idrees Ahmed Qadri

(اپنا ورنگل)

بیدر :

پانچوں وقت کی نمازوں کی پابندی کے ساتھ اہتمام کریں۔اپنی اولاد کو قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ اولیاء اللہ کی تعلیمات دلائیں۔اپنی اولاد کو تین چیزوں کی تعلیم دو نبیؐ کی محبت،اہل بیعت اطہار کی محبت،اور قرآن کی تعلیم دو۔ ان خیالات کااظہار ممتاز پیر طریقت ڈاکٹر الحاج شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری ”صاحب“بگدلی سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ ماہانہ درس تصوف و جلسہ بعنوان”عظمت اولیاء“ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ اور رسول عربی ؐ کی تعلیمات پر ہم دل وجان سے عمل کریں اور آپ ؐکے اہل بیت اطہار کی محبت کو اپنے دلوں میں بٹھانے کے ساتھ ساتھ ماں باپ کی خدمت،ہر وقت اطاعت و فرماں برداری کی مریدین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کے بغیر بندہ مومن کا کوئی عمل قبول نہیں ہوتا۔

صوفیاء کرام نے عبد و معبو د کے رشتوں کو جوڑ نے کیلئے عشق کو بنیادی شرط قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر الحاج شاہ خلیفہ محمد ادریس احمد قادری ”صاحب“نے حضرت شاہ سیدمحمد عبدالقادر شاہ ولی گنج سوائی گنج بخش بادشاہ ناگوری، ؒ کے سالانہ عرس وصندل شریف کے،ضمن میں کہاکہ آج بھی جنوبی ہند میں درگاہ حضرت سید عبدالقادر شاہ ولی گنج سوائی گنج بخش بادشاہ ناگوری ؒ کے آستانہ مبارک پر عقیدت مندان لاکھوں کی تعداد میں حاضری دیتے ہوئے فیض حاصل کرتے ہیں۔ درگاہ شریف کی ظاہری و باطنی کشش ایسی ہوتی ہے کہ جو بھی ایک مرتبہ پہنچ جاتاہے اُس کے دل میں دوبارہ آنے کی خواہش ہوتی ہے۔ حضرت سید قادری ولی ناگوریؒ کی کرامت پانچ سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہیں۔جیسے ناریل کے سر پر دو سنگھ لانا اور بند ناریل کے اندر مچھلی کی پشت پر یا قادر لکھا ہونا۔

حضرت سید عبدالقادر ولی ؒ نے درنا سیر میں دو سال قیام فرماکر اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے ذریعہ ہزاروں مشرکین کو داخل اسلام فرمایا۔ اولیاء اللہ کے آستانہ ہمیشہ روحانیت کا مرکز رہے ہیں اور یہاں روحانی سکون اور فیضان الہی جاری ہے۔ اور آستانوں میں دلوں پر جمی سیاہی کو نکالا جاتا ہے۔انہوں نے قادرولی ؒ کے بیشمار کرامت پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور درس تصوف دیا۔، مولانا محمد ندیم قادری اُستاد دارالعلوم قادریہ بگدل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ اے ایمان والو اپنی اولاد کو جہنم کی آگ سے بچاؤ۔ اولاد کے تربیت کی ذمہ داری ماں باپ کی ہے۔ تربیت کے نہ ہونے سے آج طرح طرح کی بد اعمالیاں عام ہورہی ہیں۔اگر کوئی باپ اپنی اولاد کی صحیح تربیت کرتا ہے تو اللہ اُ س کو ایک صدقہ کا ثواب عطاکرتاہے۔ ماں باپ کا فرض ہے کہ اپنی الاد کو قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ اولیاء اللہ کی تعلیمات دلائیں۔

اپنی اولاد کو تین چیزوں کی تعلیم دو نبیؐ کی محبت،اہل بیعت اطہار کی محبت،اور قرآن کی تعلیم دو۔مولانا نے کہاکہ دارالعلوم قادریہ کو ڈاکٹر الحاج شاہ خلیفہ محمدادریس احمد قادری بگدلی سرپرست اعلیٰ کی نگرانی میںشاندار پیمانے سے چلایا جاتا ہے اور حضرت اپنے ذاتی صرفہ سے زیر تعلیم طلبہ و طالبات، معلمین و معلمات کو تمام سہولتیں فراہم کرتے ہیں جو لائق ستائش ہے۔یہاں کسی قسم کا کوئی عطیہ، چندہ وغیرہ نہیں لیا جاتا۔مولانا محمد حمید رحمانی چشتی نے کہا کہ آپؒ کا نام مبارک حضرت غوث آعظم ؒ کے نام پرحضرت عبدالقادر رکھا گیا۔

حضرت ؒکی پیدائش کی خوش خبری حضرت خضر نے خواب میں آپؒ کے ولد و والدہ کو دی اور کہا کہ یہ لڑکا کونین کا قطب اور ثقلین کا غوث ہوگا۔ سید نائب علی طالب علم دارلعلوم قادریہ بگدل کی قراٗ ت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ حافظ محمد شاہنوازنلدرگ، سید نائب علی طالب علم دارلعلوم قادریہ بگدل، مولانا شاہد رضاء استاد دارلعلوم قادریہ، محمد سلیم قادری ظہیرآباد،نےحمد ونعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ شجرہ عالیہ قادریہ کا ورد، ختم قرآن، تلاوت یسٰین شریف کا اہتمام کیا گیا۔ سلام و فاتحہ، دعائے سلامتی کے بعدیہ روحانی جلسہ تکمیل پذیر ہوا۔لنگر خانہ قادریہ میں پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیاگیاتھا۔

News Source : M.A. Samad Manju wala