Important meeting of Jamiat Ulama Bhadradri Kothagudam delegation with Telangana President, Social Reform Committee established
جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے ملت کی خدمت کو مزید منظم بنانے پر زور
20 جنوری کو بھدرادری کو گوڑم میں جمعیۃ علماء کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوگا
(اپنا ورنگل)
بھدرادری کوتہ گوڈم :
حضرت اقدس شاہ سید احسان الدین صاحب دامت برکاتہم العالیہ، صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ سے ضلع بھدرادری کوتہ گوڈم جمعیۃ علماء کے ذمہ داران کی ایک اہم اور بامقصد ملاقات عمل میں آئی۔ اس موقع پر تنظیمی سرگرمیوں، دینی و سماجی خدمات اور آئندہ لائحۂ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ضلع بھدرادری کوتہ گوڈم کے صدر محترم حضرت مولانا عبدالکریم صاحب رشادی دامت برکاتہم، جنرل سیکرٹری مفتی یاسر ندیم صاحب قاسمی، سیکرٹری مفتی عبدالرحمن صاحب قاسمی، اور رکنِ عاملہ جناب اکبر صاحب نے اس ملاقات میں شرکت کی۔
ضلع کے ذمہ داران نے صدر محترم کے سامنے جمعیۃ کی اب تک کی کارگزاری پیش کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں انجام پانے والی دینی، سماجی اور رفاہی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔صدر محترم دامت برکاتہم العالیہ نے ضلع جمعیۃ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مفید مشورے اور قیمتی رہنمائی عطا فرمائی۔ انہوں نے زور دیا کہ جمعیۃ کے پلیٹ فارم سے ملت کی دینی، تعلیمی اور سماجی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے اور عوامی سطح پر بیداری و اصلاحی کاموں کو مزید وسعت دی جائے۔
اس موقع پر طے پایا کہ 20 جنوری 2026 کو ضلع بھدرادری کوتہ گوڈم میں جمعیۃ علماء کے اراکینِ منتظمہ اور منڈلہ جات کے یونٹ کے ذمہ داران کا ایک باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں جمعیۃ کے اغراض و مقاصد، تعارفی پروگرام اور تنظیمی ہم آہنگی کے لیے عملی تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔مزید براں، اجلاس میں اصلاحِ معاشرہ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔
جس کے ناظم حافظ عبدالجلیل صاحب، نائب ناظم مفتی رفیق رحمانی صاحب، جبکہ اراکین میں مفتی یاسر ندیم صاحب قاسمی، مفتی عبدالرحمن صاحب قاسمی اور جناب اکبر صاحب شامل ہیں۔ کمیٹی کو معاشرتی اصلاح، دینی شعور کی بیداری، اور سماجی برائیوں کے تدارک کے لیے منظم و مؤثر اقدامات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
آخر میں یہ عزم کیا گیا کہ باہمی مشاورت، اتحاد اور خلوص نیت کے ساتھ جمعیۃ کے کاموں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ ملتِ اسلامیہ کی خدمت کا یہ سفر پہلے سے زیادہ مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھتا رہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

