Hyderabad’s Mohammed Abdul Malik selected for U-19A Cricket Team
series against Afghanistan in banglore from 17th November 2025
(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
ملے پلی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر محمد عبدالملک نے ہندوستانی کرکٹ میں شاندار قدم رکھتے ہوئے انڈر-19 اے ٹیم میں جگہ حاصل کر لی ہے۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے منگل کو انڈر-19 اے اور انڈر-19 بی ٹیموں کا اعلان کیا، جو افغانستان انڈر-19 ٹیم کے ساتھ ٹرائی سیریز میں حصہ لیں گی۔ یہ سیریز 17 سے 30 نومبر تک بنگلورو میں کھیلی جائے گی۔بی سی سی آئی کے اعلان کے بعد محمد عبدالملک کے والد محمد عبدالسبحان کی قیادت میں لکڑی کاپل میں واقع میگنیٹ انفرا کمپنی کے دفتر میں اسٹاف کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا گیا۔
کیک کاٹا گیا اور پٹاخے چھوڑ کر اہل خانہ نے کامیابی کا جشن منایا۔عبدالسبحان نے کہا کہ انہیں بچپن سے کرکٹ سے لگاؤ رہا ہے، تاہم ان کا بیٹا وہ مقام حاصل کر رہا ہے جو وہ خود نہ کر سکے، اس پر انہیں بے حد فخر ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کوچ عدنان کی سخت محنت اور رہنمائی سے ہی محمد عبدالملک نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔محمد عبدالملک نے بتایا کہ وہ 17 نومبر سے بنگلورو میں افغانستان کے خلاف شروع ہونے والی سیریز میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم انڈیا کی نمائندگی ان کا بچپن کا خواب ہے، جسے پورا کرنے کے لیے وہ بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ فاسٹ بولر محمد سراج سے متاثر ہوکر محنت کرتے آئے ہیں اور اب انڈر-19 ٹیم میں موقع حاصل ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔دوسری جانب، حیدرآباد کے ایک اور نوجوان کھلاڑی آرون جارج کو انڈیا انڈر-19 بی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جب کہ محمد عبدالملک انڈر-19 اے ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
News Source : Agency

