جلوس عید میلادالنبی ﷺ کا عظیم الشان پیمانے پر کامیاب انعقاد

Eid Milad-un-Nabi (PBUH) procession held successfully on a grand scale

ورنگل- 7/ ستمبر
( اپنا ورنگل )
پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر 1500 واں جشن عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ بروز اتوار 7 ستمبر 2025 بعد نماز ظہر عظیم الشان جلوس میلاد کا آغاز ہوا جس میں ہزاروں عاشقانِ رسولؑ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایک جلوس درگاہ قاضی پیٹ سے اور دوسرا جلوس خانہ مبارک مچھلی بازار ہنمکنڈہ سے روانہ ہوا جو النکار سرکل پر ایک دوسرے سے ملا۔ نعت و درود کی گونج اور عشقِ رسول کے پرجوش نعروں کے ساتھ یہ جلوس آگے بڑھتا ہوا کلاسک ہوٹل سے درگاہ حضرت عبدالنبی شاہ صاحب پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر ایک پر وقار جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ و ریاستی صدر نشین حج کمیٹی تلنگانہ نے کی۔ جلسہ میں اتحاد، محبت اور عقیدت کے پیغام کو عام کیا گیا اور نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنا کر امن و ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں عوام و نوجوان طبقے نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوے اپنے نبی کریم ﷺ سے والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ پورے ورنگل کی فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھیں اور علاقے میں روحانی کیفیت طاری رہی۔ اس موقع پر ٹرائی میلاد ورنگل مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے تمام شریک مسلمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اتحاد و محبت کے ساتھ دین اسلام کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz