حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ کا انتقال ملت اسلامیہ کا ایک ناقابل تلافی نقصان اور ایک عہد کا خاتمہ

hazrath-hafiz-peer-shabbir-ahmed-sahab-rh  President jamiat ulama telangana state expired

ورنگل :
( اپنا ورنگل)

آج بروز اتوار ملتِ اسلامیہ ہند خصوصاً ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئی  حضرت الحاج حافظ پیر شبیر احمد صاحبؒ صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ، سابق رکن قانون ساز کونسل(ایم ایل سی) اور چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی اب اس فانی دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے انتقال سے ایک عہدِ خدمت و قیادت کا خاتمہ ہوگیا۔ حضرت مرحوم نے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ دین و ملت کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ وہ نصف صدی سے زائد عرصہ تک جمعیتہ علماء کے پلیٹ فارم سے ملت کی رہنمائی، نصرتِ دین، اور خدمتِ خلق میں مصروف رہے۔ ان کی قیادت میں جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش نے تعلیمی، رفاہی اور سماجی میدانوں میں جو کام انجام دیے، وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کی ذات خلوص، انکساری اور دیانت کی علامت تھی۔ وہ ہمیشہ اتحادِ امت، مسلکی اعتدال، اور ملی ہم آہنگی کے داعی رہے۔ حضرت مرحوم کو ریاستی سطح پر بھی نمایاں اعزاز حاصل رہا۔ وہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے باوقار چیرمین رہے، جہاں انہوں نے حجاج کرام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیا۔ اسی طرح بطور ایم ایل سی آپ نے ایوان میں ملت کے مسائل کی پرزور وکالت کی اور مسلمانوں کے تعلیمی و سماجی مسائل پر ہمیشہ آواز بلند کیا۔ حضرت پیر شبیر احمد صاحبؒ میں غیر معمولی بردباری، بصیرت اور استقامت تھی۔ مشکل حالات میں بھی ان کی قیادت امت کے لیے مشعلِ راہ رہی۔ وہ ہمیشہ مسلکی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملت کے اجتماعی مفاد کی بات کرتے، اور امت کے اتحاد و خیرخواہی کے لیے کوشاں رہتے۔ ان کی وفات سے جمعیتہ علماء اور پوری ملت ایک عظیم قائد سے محروم ہوگئی۔ ایسے بے لوث رہنما بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو اپنی سادگی، علم، عمل، اور اخلاص سے قلوب کو مسخر کر لیتے ہیں۔ ان کی یادیں، ان کی خدمات اور ان کا کردار تاریخِ ملت میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، ان کی خدماتِ جلیلہ کو شرفِ قبولیت بخشے، اور پسماندگان و تلامذہ و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔ جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء تلنگانہ کی اطلاع کے مطابق نماز جنازہ بعد نماز عصر جامع مسجد کنز العلوم٬ مرکز شاہین نگر حیدرآباد میں میں ادا کی جائے گی اور تدفین رسالہ خورشید جاہی مشیر آباد میں ہوگی۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 8106343207 پر رابطہ کریں۔


News Source : Hafiz Mohd Fazal ur Rahman Wajid