سعودی عرب حادثہ متاثرین کے لیے ایکس گریشیا رقم جلد جاری کی جائے گی، متاثرہ نوجوان کو تمیریس میں ملازمت فراہم — وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین

Ex-gratia money will be released soon for the victims of the Saudi Arabia accident, the affected youth will be provided with a job in TMREIS— Minister for Minority Welfare Muhammad Azharuddin

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے سعودی عرب میں پیش آئے المناک حادثے سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل مدد و تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معزز وزیر اعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی کی جانب سے اعلان کردہ ایکس گریشیا رقم کو منظوری دی جا چکی ہے اور اسے جلد جاری کر دیا جائے گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ذاتی طور پر متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا تھا، جو حکومت کی حساسیت اور ذمہ داری کا مظہر ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ چیکس کی اجرائی میں معمولی تاخیر وزیر اعلیٰ کی مصروف سرکاری مصروفیات، بلدیاتی انتخابات اور دیگر انتظامی امور کے سبب ہوئی، تاہم تمام ضروری منظوریوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ایکس گریشیا رقم باقاعدہ طور پر منظور کی جا چکی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے ہر متاثرہ خاندان کے لیے دو لاکھ روپے ایکس گریشیا منظور کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے بھی ہر خاندان کے لیے دو لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ اقلیتی بہبود تمام ضروری تفصیلات متعلقہ حکام کو روانہ کرتے ہوئے امدادی رقم کی بروقت اجرائی کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اظہرالدین نے کہا کہ حکومت نے ابتدا ہی سے فوری اقدامات کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ بازآبادکاری کے تحت ایک متاثرہ نوجوان محمد شعیب کو تمیریس میں ملازمت فراہم کی گئی ہے اور وہ فی الحال خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ محمد شعیب کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جو حکومت کی مسلسل توجہ اور فکرمندی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا، “بطور وزیر اقلیتی بہبود میں ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بنا رہا ہوں کہ متاثرہ خاندانوں تک ہر ممکن امداد پہنچے۔ ہمارا محکمہ سنجیدگی اور تیزی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور ہم اس وقت تک متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے جب تک تمام وعدہ شدہ امداد فراہم نہ ہو جائے۔”وزیر نے مزید یقین دہانی کرائی کہ چیکس کی تقسیم بلا تاخیر مکمل کی جائے گی اور حکومت متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مؤثر راحت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

News Source : Agency