جوبلی ہلز میں انتخابی مہم کا آج شام 5 بجے اختتام ، رائے دہی 11 نومبر کو ،ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو.

Election campaigning in Jubilee Hills ends today at 5 pm, polling on November 11, counting of votes on November 14.

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :  جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم آج 9 نومبر کو شام 5 بجے ختم ہوجائے گی۔ کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی تینوں جماعتوں نے آخری مرحلے میں انتخابی مہم کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ یہ ضمنی انتخاب ریاست بھر میں سیاسی بحث کا مرکز بن چکا ہے، جہاں تقریباً چار لاکھ ووٹرس کے فیصلے پر ریاست کے چار کروڑ عوام کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ رائے دہی 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو مقرر ہے۔

کانگریس کی جانب سے چیف منسٹر اے. ریونت ریڈی نے چار دن تک اپنے امیدوار نوین یادو کی حمایت میں انتخابی مہم چلائی۔ پارٹی نے ریاست کے 14 وزراء کو حلقہ کے 7 ڈیویژنس میں انچارج مقرر کیا ہے۔ ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل اور مختلف کارپوریشنز کے صدورنشینوں کو بھی انتخابی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔دوسری طرف، بی آر ایس نے سب سے پہلے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے امیدوار کے نام کا اعلان کیا۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کے. ٹی. آر. انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ ہریش راؤ بھی سرگرمی کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ اپنے والد کے انتقال کے بعد 10 دن کے وقفہ کے بعد وہ دوبارہ مہم میں مصروف ہوچکے ہیں۔بی جے پی نے اپنے امیدوار کے انتخاب میں تاخیر کی، جس کے باعث اس کی مہم سست نظر آئی۔

تلگودیشم پارٹی نے سرکاری طور پر بی جے پی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا، لیکن ذرائع کے مطابق آندھرائی ووٹرس سے ٹی ڈی پی قائدین نے بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔مجلس اتحاد المسلمین کانگریس کی حمایت کررہی ہے اور مہم میں سرگرم ہے۔ سی پی آئی نے بھی کانگریس کی تائید کی ہے، تاہم وہ مہم میں فعال نہیں۔ انتخابی مہم کے آخری دن کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے بائیک ریالیاں منظم کی جارہی ہیں۔سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سٹہ بازار بھی زوروں پر ہے، جبکہ تمام جماعتیں ایک دوسرے پر ووٹ خریدنے کے الزامات عائد کررہی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

انتخابی عملے کو تربیت دی جاچکی ہے، سازوسامان کی جانچ مکمل ہے، اور پولنگ مراکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد پورے حلقے میں دفعہ 144 نافذ ہوگی اور غیر مقامی سیاسی قائدین کو واپس جانے کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

News Source : Agency